حکومت پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے باز رہے، جماعت اسلامی

پ ر  بدھ 25 ستمبر 2013
یکم اکتوبر سے پھر پٹرول مہنگا کرنا ملک کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کے مترادف ہے. فوٹو: ایکسپریس /فائل

یکم اکتوبر سے پھر پٹرول مہنگا کرنا ملک کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کے مترادف ہے. فوٹو: ایکسپریس /فائل

حیدر آباد:  جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے امیر شیخ شوکت علی نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے۔

یکم اکتوبر سے پھر پٹرول مہنگا کرنا ملک کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کے مترادف ہے۔ سو دنوں میں حکومت نے ریلیف تو نہیں دیا، لیکن پانچویں مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی تیاری کر لی ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت کی کارکردگی یہی رہی تو عوام پرویز مشرف اور زرداری کے بجائے نواز شریف پر تنقیدکرنے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تیاری کر لی ہے۔ یکم اکتوبر کو نیا اضافہ نافذکرنے سے قبل شوشہ چھوڑ کر عوام کو ذہنی طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔

ایک طرف وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کا اعلان کرتے ہیں اور قوم سے رہنمائی چاہتے ہیں، لیکن دوسری طرف اعلان کردہ ریلیف سے کئی گنا زیادہ مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ کی موجودہ حکومت اسحاق ڈار کی سربراہی میں عوام پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے۔ دن رات آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی نے غریبوں کوبری طرح نچوڑ کر رکھ دیا ہے۔ غلط اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا جِن بے قابو ہو گیا ، اسی لیے ملک میں غربت، بے روزگاری، گداگری اور جرائم میں اضافہ خطرناک حدوں تک پہنچ گیا ہے لیکن بے ضمیر حکومتوں نے باری باری عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔