مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کا جرم مودی نے بھارتی نژاد مسلمان اداکار کو بلیک لسٹ کردیا

جلسے میں بھارتیوں کو خراج تحسین پیش کیا جارہا تھا اور میں باہر اکیلا پارکنگ لاٹ میں کھڑا تھا، حسن منہاج


ویب ڈیسک September 25, 2019
ماضی میں مودی پر کوئی تبصرہ کیا تھا جس کی وجہ سے بلیک لسٹ کیاگیا ، حسن منہاج فوٹوفائل

بھارتی نژاد امریکی کامیڈین، مصنف، میزبان اور اداکار حسن منہاج کو دو روز قبل امریکا میں منعقد ہونے والے مودی کے جلسے سے بلیک لسٹ کردیا گیا۔

نیٹ فلیکس پر سنجیدہ خبروں کو مزاحیہ انداز میں پیش کرنے والے امریکی کامیڈین حسن منہاج گزشتہ 2 روز سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ ان کا مودی کے جلسے سے بلیک لسٹ کیاجانا ہے۔ حال ہی میں ایک شو کے دوران حسن منہاج نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا جب انہوں نے سنا کہ ہیوسٹن میں ہاؤڈی مودی جلسہ منعقد کیاجارہا ہے تو میں نے سوچا میں بھی اس جلسے میں جاؤں گا۔ جلسے کے باہر مجھے انتظامیہ کی جانب سے روک دیا گیا اور وجہ بتائی گئی کہ میں نے ماضی میں مودی پر کوئی تبصرہ کیا تھا جو انہیں پسند نہیں آیاتھا جس کی وجہ سے مجھے بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔

حسن منہاج نے ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے کہا کہ ہاؤڈی مودی جلسے میں امریکا میں قابل قدر کام کرنے والے بھارتیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا تھا اور مزے کی بات یہ تھی کہ ان افراد میں میرا نام بھی شامل تھا۔ جب جلسے کے دوران بھارتیوں کو خراج تحسین پیش کیا جارہا تھا اور اسکرین پر میری تصویر دکھائی جارہی تھی تو اس وقت میں جلسے سے باہر اکیلا پارکنگ لاٹ میں کھڑاتھا۔

واضح رہے کہ حسن منہاج نے بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے شو میں کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت جشن آزادی منارہا ہے تو آئیے ان لوگوں کے بارے میں سوچتے ہیں جن کے پاس فی الحال کوئی آزادی نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں