سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے ذاتی محافظ کا قتل

دوست نے ذاتی تنازع پر گولی ماری، پولیس کی فائرنگ سے مبینہ قاتل دوست بھی ہلاک


ویب ڈیسک September 29, 2019
محافظ کو ان کے دوست نے ذاتی تنازع پر گولی مار کر قتل کیا۔ فوٹو : فائل

سعودی عرب میں فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نہایت معتمد ساتھی اور ذاتی باڈی گارڈ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو دن دہاڑے گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کے ایک اہم ذاتی محافظ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم کو جدہ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ میجر جنرل عبدالعزیز الفغم اس سے قبل سابق شاہ عبداللہ کے باڈی گارڈ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں اور شاہ سلمان کے دور میں بھی اپنی خدمات جاری رکھیں۔

سعودی سرکاری ٹیلی وژن نے اس حوالے سے بتایا کہ شاہ سلمان کے ذاتی باڈی گارڈ کی ہلاکت ذاتی تنازع کے باعث ہوئی تاہم اس کی تفصیلات کے بارے میں نہیں بتایا گیا اور نہ ہی اس بات سے آگاہ کیا گیا ہے کہ قتل کا واقعہ کب پیش آیا، جائے وقوعہ تک میڈیا کو رسائی نہیں دی گئی۔

دوسری جانب مکہ ریجن کے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ میجر جنرل عبدالعزیز جدہ میں شاہی محل سے چند کلومیٹر فاصلے پر اپنے دوست کے گھر گئے تھے جہاں مبینہ طور پر ان کا اپنے دوست کے ساتھ جھگڑا ہوا جس پر طیش میں آکر اُن کے دوست نے گولی مار کر قتل کردیا۔

سعودی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر مبینہ قاتل کو گرفتاری دینے کی پیشکش کی تاہم انکار پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں قاتل بھی ہلاک ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں