مسلم لیگ ن کا نواز شریف کی رہائی کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ

حکومت گرانے کی ہر مہم کے ساتھ تعاون کیا جائے گا، احسن اقبال


ویب ڈیسک September 30, 2019
حکومت سوشل میڈیا کے ذریعے حکمرانی کی کوشش کررہی ہے،احسن اقبال فوٹو :فائل

مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی رہائی کے لئے باقاعدہ طور پر مہم کا آغاز کریں گے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نوازشریف سیاسی قیدی ہیں جو حکومت کی حسد اور نفرت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، جج کی برطرفی کے باوجود نوازشریف کی سزا برقرار ہے، ہم نواز شریف کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور ان کی رہائی کے لئے باقاعدہ طور پر مہم کا آغاز کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے 5 اگست کے بعد 50 دن ضائع کیے، وزیراعظم نے کسی ملک کا دورہ نہیں کیا، حکومت انسانی حقوق کونسل میں ووٹ حاصل نہ کرسکی، کیا حکومت نے او آئی سی اجلاس بلانے کے لیے کوئی اقدام اٹھایا ہے؟، وزیراعظم کو چاہیےتھا کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر مظفرآباد جاتے لیکن حکومت نے قومی یکجہتی قائم کرنے کا موقع ضائع کیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو مشکل سے نکالنے کے لیے جلد عام انتخابات ضروری ہیں، عام انتخابات کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک کو بند گلی سے نکالنے کے لیے آزادانہ اورشفاف انتخابات کرائے جائیں، حکومت سے چھٹکارہ پانے کے لئے مہم چلائے گی اور حکومت گرانے کی ہر مہم کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ آزادی مارچ کی تاریخ کے لیے مشاورت کا آغاز کریں گے، اس سلسلے میں جے یو آئی (ف) کو اے پی سی بلانے کی تجویز دیں گے۔

رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت پولیو اور ڈینگی کے آگے بے بس ہوچکی ہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے حکمرانی کرنے کی کوشش کررہی ہے، ہم نے پنجاب میں ڈینگی مکمل ختم کردیا تھا، آج پنجاب پھر سے ڈینگی مچھر اور ڈینگی حکومت سےدوچار ہے، لگ رہا ہے جیسے پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے کا انتقام لیاجارہا ہے، یہ ہرچیز کو نفرت کی عینک سے دیکھتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کےمنصوبوں کو رول بیک کیا جارہا ہے، حکومت نے ہمارے منصوبوں کا افتتاح کرنا بھی گوارانہ کیا، سی پیک کے تحت ترقیاتی کام بھی روک دیئے گئے ہیں، صحت اور تعلیم کے بجٹ میں کمی کردی گئی۔ ہمارادفاعی بجٹ7ارب ڈالر سے بھی کم ہوگیا ہے، ایک سال تک ملک اس طرح چلتارہا تو ہوسکتا ہے کوئی بھی اس کی معیشت کو سہارا نہ دے سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں