سابق سیکریٹری نواز شریف اور پی ایس او افسران کے خلاف 56 ارب کی کرپشن کا ریفرنس منظور

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اکتوبر 2019
ملزمان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، نیب ریفرنس۔ فوٹو:فائل

ملزمان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، نیب ریفرنس۔ فوٹو:فائل

کراچی: احتساب عدالت نے نواز شریف کے سابق سیکریٹری سعید مہدی اور دیگر کے خلاف ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  کراچی کی احتساب عدالت کے روبرو نیب نے نوازشریف کے سابق سیکریٹری سعید مہدی اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کیا، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرلیا۔

نیب ریفرنس کے مطابق ملزمان نے قومی خزانے کو 56 ارب روپے سے زائد مالیت کا نقصان پہنچایا، ملزمان پی ایس او کا پیٹرول غیر قانونی طور پر ایڈمور کمپنی کو دیتے رہے۔

ملزمان میں سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ پی ایس او عرفان خلیل قریشی، سابق ایم ڈی، پی ایس او نعیم یحیٰ، سابق ایم ڈی ذوالفقار علی جعفری، ایڈمور گیس کمپنی کے رضی احمد حنفی اور انور مسعود زیدی شامل ہیں۔

ملزمان نے (ن) لیگ کے دور حکومت 2010ء سے 2015ء تک قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ ملزمان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔