آزادی مارچ پوری قوم کی ترجمانی کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک  منگل 29 اکتوبر 2019
ہم نے آئین پاکستان کو میثاق ملی تسلیم کیا ہے،مولانا فضل الرحمان فوٹو: فائل

ہم نے آئین پاکستان کو میثاق ملی تسلیم کیا ہے،مولانا فضل الرحمان فوٹو: فائل

ملتان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ پوری قوم کی ترجمانی کر رہا ہے۔

ملتان سے آزادی مارچ کی اگلی منزل کی جانب سے روانگی سے قبل مولانا فضل الرحمان نے شرکا سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نے آئین پاکستان کو میثاق ملی تسلیم کیا ہے، ہم اپنے آئینی حق اور وطن عزیز کی حفاظت کی جنگ لڑ رہے ہیں، آزادی مارچ پوری قوم کی ترجمانی کر رہا ہے، حکمرانوں کو ہماری تصویر سے بھی خوف آتا ہے، حکومت پرامن لوگوں سے کیوں خوف کھارہی ہے؟

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا مودی کامیاب ہو گا تو مسئلہ کشمیر حل ہو گا، مودی کامیاب بھی ہو گیا اور اس نے مسئلہ حل بھی کردیا، کشمیر کو بیچ کر مگرمچھ کے آنسو بہائے جا رہے ہیں، وزیراعظم کی تقریر اگر اتنی اچھی تھی تو اس کا کوئی اثر ہونا چاہیے تھا، اقوام متحدہ میں اگلے دن ووٹنگ ہوئی کسی نے ہمیں ووٹ نہیں دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔