الخدمت کی سالانہ رپورٹ،ایک کروڑ 31 لاکھ 47 ہزارکے اخراجات

پ ر  منگل 15 اکتوبر 2013
الخدمت فاؤنڈیشن نے کم سے کم وسائل میں زیادہ سے زیادہ مسائل کے لیے کام کرنے کوشش کی۔ فوٹو؛ فائل

الخدمت فاؤنڈیشن نے کم سے کم وسائل میں زیادہ سے زیادہ مسائل کے لیے کام کرنے کوشش کی۔ فوٹو؛ فائل

حیدر آباد:  الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآبادنے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے۔

جسکے مطابق اکتوبر 2012 سے ستمبر 2013 تک مدارس، صحت، دینی لٹریچر، میت گاڑی، ایمبولینس سروسز، وینٹ ایمبولینس، میڈیکل کیمپس اورمستحقین کی امداد پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 31 لاکھ 47 ہزار 120 روپے کے اخراجات کیے گئے۔ فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر راؤ مسعود علی خان نے سالانہ کارکردگی رپورٹ کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ الخدمت کے ذیلی شعبہ مدارس تفہیم القرآن کے تحت 14 مدارس میں تقریباً 12سو طلبہ بنیادی دینی تعلیم، ناظرہ اور حفظ ِقرآن کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

شعبہ صحت کے تحت لطیف آبادیونٹ نمبر8میں میڈیکل سینٹر، پریٹ آباد میں ڈسپنسری، مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپس، ایمبولینس اور وینٹ ایمبولینس کی خدمات مہیاکی گئیں جبکہ لطیف آبادنمبر8 میں جدید سہولتوں سے آراستہ ڈائیگنوسٹک میگالیبارٹری قائم کی گئی ہے جہاں مارکیٹ سے کم ریٹ پر تقریباً تمام ٹیسٹ کی معیاری سہولتیں دستیاب ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سال بھر کے دوران الخدمت نے نجی وسرکاری اسپتال جانے والے ملازمین کی رہنمائی کرنے کے علاوہ انکی مالی مدد بھی کی جبکہ معذورین کووہیل چیئر، واکر اور بیساکھیاں بھی فراہم کی گئیں۔

شعبہ امدادِمستحقین کے تحت پورے سال غریب مستحق افرادکی مالی اعانت اور مفت علاج میں تعاون کیاگیا، رمضان المبارک میں سیکڑوں خاندانوں میں راشن تقسیم کیاگیا، سینٹرل جیل کے قیدیوں میں سردی سے بچاؤں کے لیے کمبل اور افطاری کا اہتمام کیا گیا اور قیدی خواتین اور بچوں میں عیدگفٹس بھی تقسیم کیے گئے جبکہ عیدالاضحی کے ایام میں گائے اور بکروں کی قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ انھوں نے بتایاکہ پانی کی فراہمی کے لیے ہینڈ پمپ اسکیم کے تحت 4 ہینڈ پمپ لگانے کے علاوہ ٹنڈوجام میں ایک آر او فلٹر پلانٹ بھی لگایا گیا اور روزگار اسکیم کے تحت درجنوں افراد کو روزگار بھی فراہم کیا گیا۔

شعبہ ہنگامی امدادکے تحت برماکے مظلوم مسلمانوں، بلدیہ ٹاؤن کراچی کے آتشزدگی کے متاثرین اور بارش زدگان کومالی امداد فراہم کی گئی۔ انھوں نے بتایاکہ الخدمت کومختلف مدات وشعبہ جات کے لیے 1کروڑ 31لاکھ 47 ہزار 120 روپے کی آمدنی ہوئی تھی ا ور اسی قدر اخراجات کیے گئے ۔جبکہ آئندہ کے لیے ٹنڈوجام میں الخدمت اسپتال ،مدرسہ قاسم العلوم کچاقلعہ اور جامعۃ العلوم تفہیم القرآن ہیرآبادکی عمارتوں کے تعمیرات کے منصوبوں پر تاحال کام جاری ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے کم سے کم وسائل میں زیادہ سے زیادہ مسائل کے لیے کام کرنے کوشش کی اورالخدمت کے رضاکارصلہ اور ستائش کی تمناکے بغیر اﷲ کی رضاکے لیے شہریوں کی تمام شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہے ہیں جس میں اضافے کے لیے ضروری ہے کہ مخیرافراد الخدمت سے زیادہ سے زیادہ مالی تعاون کریں ۔

تاکہ خدمات کے دائرے کو مزیدوسیع کیاجاسکے۔ دریں اثناء جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشیخ شوکت علی، جنرل سیکریٹری حافظ طاہرمجیدراجپوت، نائب امیررضوان احمدگدی ،سابق امیر مشتاق احمدخان ایڈوکیٹ ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری احمدمظہوراشرف ،اراکین شوریٰ وذمہ داران شعبہ جات نے جماعت اسلامی کراچی کے نومقررامیر حافظ نعیم الرحمان کے نام اپنے ایک پیغام میں نیک خواہشات کااظہارکیاہے اور جماعت اسلامی کراچی کی امارت کی ذمے داری ملنے پر ان کے لیے استقامت اور آسانی کی دعاکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔