لاہور میں فیکٹری دھماکا، ڈیڑھ سال بعد بھی 24 مرحومین کے لواحقین امداد کے منتظر

ایم عمیر دبیر  پير 4 نومبر 2013
سبزہ زار کے علاقے کھاڑک اسٹاپ پر واقع ویٹرنری میڈیسن کی فیکٹری میں دھماکے میں ہونے والی تباہی کے مناظر۔ فوٹو: فائل

سبزہ زار کے علاقے کھاڑک اسٹاپ پر واقع ویٹرنری میڈیسن کی فیکٹری میں دھماکے میں ہونے والی تباہی کے مناظر۔ فوٹو: فائل

لاہور: سبزہ زار کے علاقہ میں جانوروں کی دوائی بنانے والی فیکٹری میں بوائلر کے دھماکے سے 24 مرد و خواتین کی ہلاکت کے ڈیڑھ سال بعد بھی لواحقین کو نہ تو امدادی رقم مل سکی اور نہ ہی فیکٹری مالکان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں آسکی۔

فیکٹری کی عمارت غیر قانونی طور پر بنائی گئی تھی اور اس کا نقشہ متعلقہ عملے کو رشوت دے کر منظور کروایا گیا تھا۔ فیکٹری کے مالک، منیجر اور سیکیورٹی گارڈ سمیت مقدمے میں نامزد تمام ملزمان ضمانتوں پر رہا ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فروری 2012 میں سبزہ زار کے علاقہ کھاڑک اسٹاپ حسن ٹائون میں واقع جانوروں کی میٖڈیسن بنانے والی فیکٹری کی 3 منزلہ عمارت بوائلر دھماکا سے زمین بوس ہوگئی تھی، وقوعہ کے وقت فیکٹری میں 45 مرد، بچے اور 17خواتین کام کررہی تھیں، حادثے کے سبب 24 مردوخواتین ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔ فیکٹری 1979میں تعمیر کی گئی، تعمیر کے وقت یہ ایک منزلہ عمارت تھی بعد میں اس میں مزید 2 منزلوں کا اضافہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے عمارت کے نقشے کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے بعد متعلقہ عملے کو رشوت دیکر فیکٹری کا نقشہ منظور کروایا گیا،اہل علاقہ کے مطابق فیکٹری کو 4 دفعہ سیل کیا گیا، وقوعہ سے 4سال قبل فیکٹری کو آخری دفعہ سیل کیا گیا تھا، ہر دفعہ فیکٹری مالکان اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے فیکٹری کو دوبارہ کھلوا لیتے تھے۔

فیکٹری میں کام کرنے والے زیادہ تر مردخواتین کم عمر کے تھے اور ان کو انتہائی معمولی تنخواہ پر ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہونے کے باعث اردگرد کے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔ فیکٹری سے ملحقہ مکان کے مالک رانا امجد کا کہنا تھا کہ فیکٹری مالکان سے متعدد بار فیکٹری کو آبادی سے باہر منتقل کرنے کی درخواست کی تاہم وہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے۔ واقعہ کا مقدمہ ایس ایچ او سبزہ زار کی مدعیت میں فیکٹری مالکان شیخ ظہیر، شیخ ظفر، شیخ زبیر، فیکٹری کے سکیورٹی گارڈ اور مینجر کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ میں نامزد تمام ملزمان ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں۔اب تک فیکٹری مالکان کی طرف سے ہلاک ہونیوالے افراد کے لواحقین کو کوئی معاوضہ نہ دیا گیا ہے اور نہ ہی ملزمان کو سزا ہوئی ہے، ملزمان کا موقف ہے یہ ایک حادثہ تھا جس کی ذمے داری ان پر عائد نہیں ہوتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔