بلدیاتی الیکشن میں جلد بازی سے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، گورنر پنجاب

ایکسپریس فورم رپورٹ  ہفتہ 9 نومبر 2013
لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ایکسپریس فورم میں اظہار خیال کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ایکسپریس فورم میں اظہار خیال کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن جلد بازی میں نہ کرایا جائے کیونکہ اگر سیاسی پارٹیوں کی طرف سے عام انتخابات کی طرح بلدیاتی الیکشن میں بھی دھاندلی کے الزامات لگے تو جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ہم عدلیہ کا بڑا احترام کرتے ہیں، ان سے بس اتنی اپیل ہے کہ جلدی میں کوئی فیصلہ نہ کیا جائے اور سیاسی پارٹیوں کا موقف  بھی سامنے رکھا جائے، قومی اسمبلی  میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے قرار داد پاس ہوئی ہے اب سپریم کورٹ  کی صوابدید ہے کہ وہ اس پرکیا فیصلہ کرتی ہے، اگر بغیر تیاری کے الیکشن کروائے گئے تو جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، ایسا فیصلہ ہونا چاہیے جس سے قوم کا اتحاد قائم رہے، وہ گزشتہ روز ایکسپریس فورم میں اظہارخیال کررہے تھے۔ فورم کی میزبانی کے فرائض چیف رپورٹر خالد قیوم نے انجام دیے جبکہ پینل میں شمس الحق قذافی، عامر نوید چوہدرری، عاصم شہزاد شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین اور پاکستان کی خود مختاری کیخلاف ہیں، اب حکومت نے ہی اس حوالے سے اقدامات کرنے ہیں، اس کیلیے بہترین فورم قومی اسمبلی اور آل پارٹیز کانفرنس ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ یورپی یونین سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول کیلیے میرے ہمراہ وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے یورپ جاکر بھرپور لابنگ کی۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات کا حجم 12ارب ڈالر سے زائد ہے۔ جی ایس پی پلس اسٹیٹس ملنے سے اب ہماری ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹ 13 ارب ڈالرسے بڑھ جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جب تک ہماری معیشت ٹھیک نہیں ہوگی، لوگوں کو ملازمت نہیں ملے گی، بیروزگاری بڑھے گی اور امن وامان کی صورتحال خراب رہے گی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کی اکثریت گندا پانی پی رہی ہے جس سے ہیپاٹائٹس، کینسر جیسے موذی امراض پھیل رہے ہیں، ہم نے 30 اسکولوں کا سروے کروایا جن میں سے ایک بھی اسکول کا پانی پینے کا قابل نہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ پنجاب کے تمام اسکولوں میں ایک سال کے دوران صاف پانی مہیا کردیا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔