سندھ کے 3 اسپتال چند ماہ میں وفاق کے ماتحت کر دینگے، ظفر مرزا

اسٹاف رپورٹر  پير 20 جنوری 2020
ہیپاٹائٹس اور ٹی بی میں پاکستان سرفہرست ہے بدقسمتی سے ہم پولیو پر بھی قابو نہیں پاسکے،کانفرنس سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

ہیپاٹائٹس اور ٹی بی میں پاکستان سرفہرست ہے بدقسمتی سے ہم پولیو پر بھی قابو نہیں پاسکے،کانفرنس سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

کراچی:  وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ جناح اسپتال، این آئی سی ایچ اور این آئی سی وی ڈی کے بارے میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کر رہے ہیں ،صوبائی حکومت سندھ سے مشاورت جاری ہے ،چند ماہ میں تینوں اسپتال وفاق کے ماتحت کرینگے، 95 فیصد انجیکشن غیر ضروری طور پر مریضوں کو لگائے جارہے ہیں، انجیکشن کے غیر ضروری استعمال سے سندھ میں ایڈز پھیلا ہے، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی میں پاکستان سرفہرست ہے بدقسمتی سے ہم پولیو پر بھی قابو نہیں پاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بطور مہمان خصوصی انڈس ہیلتھ نیٹورک کے تحت منعقدہ آئیکون کانفرنس 2020 کے تیسرے روز یونیورسل ہیلتھ کوریج کے موضوع پر سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سیمینار میں مختلف میڈیکل اور فارماسیوٹیکل کمپنیوں سمیت دیگر مندوبین، طبی ماہرین نے شرکت کی، وفاقی وزیر ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ انڈس اسپتال کینسر کے لیے بہترین کام کررہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر عبدالباری باری جیسے لوگوں کی ملک کو ضرورت ہے اس وقت پرائیوٹ سیکٹر میں صحت کی سہولت پر کام تو ہورہا ہے لیکن وہ عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے، کم آمدنی والا شخص پرائیوٹ سیکٹر میں صحت کے سہولیات حاصل کرنے سے محروم ہے نجی شعبے میں علاج مہنگا سے مہنگا ہوتا جارہا ہے، ریاست کو ان لوگوں کی زیادہ فکر کرنے کی ضرورت ہے،کراچی میں تین اور ایک پنجاب میں بڑے اسپتال وفاق نے ہی بنائے تھے، سپریم کورٹ کی جانب سے پچھلے سال جنوری میں یہ اسپتال ہمیں واپس دیے گئے تھے، سپریم کورٹ نے ہمیں یاد دہانی کروائی ہے کہ انکی ججمنٹ پر ہم عمل نہیں کر رہے، ہم نے کورٹ کو یقین دلایا ہے کہ ہمارا حکم عدولی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، آنے والے چند ماہ میں ہم یہ اسپتال ان سے لے لینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔