سندھ ایچ ای سی کمیشن کے اجلاس میں طلبا کو اسکالرشپ دینے کی منظوری

صفدر رضوی  جمعرات 12 مارچ 2020
سندھ ایچ ای سی کے طلبا کواسکالرشپ دینے کی منظوری،لاکھوں طلبہ کے لیے صرف 380وظائف رکھے گئے ہیں فوٹوفائل

سندھ ایچ ای سی کے طلبا کواسکالرشپ دینے کی منظوری،لاکھوں طلبہ کے لیے صرف 380وظائف رکھے گئے ہیں فوٹوفائل

کراچی: سندھ ایچ ای سی نے کراچی سمیت سندھ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبا کے لیے ریسرچ گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

سندھ ایچ ای سی نے قیام کے چھٹے برس کراچی سمیت سندھ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبا کے لیے ریسرچ گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔  تاہم سندھ کی جامعات میں زیرتعلیم لاکھوں طلبا میں سے محض 380 وہ خوش قسمت طلبا ہوں گے جویہ اسکالرشپ لے سکیں گے۔

دوسری جانب سندھ بھرکی نجی جامعات اوراسنادتفویض کرنے والے اداروں(ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹس)کی مانیٹرنگ انسپیکشن فیسوں میں بھی تقریباً40فیصد تک اضافہ کردیاگیاہے۔ یہ اضافہ چارٹرانسپیکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کے سربراہ کی جانب سے تجویز کیاگیاتھا۔

سندھ یچ ای سی کی تاریخ میں یہ پہلی بارہواہے کہ کمیشن جامعات کے ایم فل، پی ایچ ڈی اورانڈرگریجویٹ طلبا کواسکالرشپ دے گا۔ تاہم کمیشن اپنے اجلاس میں اسکالرشپ کے اجراءکاٹائم فریم طے نہیں کرسکاہے جس کے سبب یہ نہیں کہاجاسکتاکہ یہ اسکالرشپ سندھ کے طلبا کب اورکیسے حاصل کرپائیں گے۔

کمیشن کے ذرائع کاکہناہے کہ اسکالرشپ جس رقم سے دی جائے گی فی الحال وہ رقم بھی سندھ ایچ ای سی کے پاس موجودنہیں ہے بلکہ رقم کے حوالے سے ایک سمری حکومت سندھ کوبھجوائی گئی ہے کمیشن نے اپنے ایک اجلاس میں مجموعی طورپر 380طلبا کواسکالرشپس دینے کی منظوری دی ہے جس میں سے 100اسکالرشپ ایم فل، پی ایچ ڈی کے طلبا کے لیے جبکہ 280اسکالرشپس انڈرگریجویٹ کے طلبا کے لیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔