پشاور میں لاک ڈاؤن کی خلاف پر 55 افراد گرفتار، میڈیکل کالجز بند

ویب ڈیسک  پير 6 اپريل 2020
صدر کے علاقے میں تین جب کہ شعبہ بازار میں دو بینک رش ہونے پر سیل کر دیئے گئے ہیں، ڈی سی پشاور۔ فوٹو: فائل

صدر کے علاقے میں تین جب کہ شعبہ بازار میں دو بینک رش ہونے پر سیل کر دیئے گئے ہیں، ڈی سی پشاور۔ فوٹو: فائل

 پشاور: پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے  55  افراد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف شہر بھر میں کریک ڈاؤن کیا، پابندی کے باوجود بلا ضرورت گھومنے پر 55 افرد کو گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے یونیورسٹی روڈ، بورڈ بازار، صدر، شعبہ بازار اور خیبر بازار میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کاروائیاں کیں۔

کمانڈر 102 بریگیڈ اور ڈپٹی کمشنر پشاور نے بورڈ بازار سمیت دیگر بازاروں کا معائنہ کیا تاہم اس موقع پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر صدر کے علاقے میں تین جب کہ شعبہ بازار میں دو بینک رش ہونے پر سیل کر دیئے گئے۔ اس حوالے سے ڈی سی پشاور کا کہنا ہے کہ بینک کے باہر لمبی قطاریں بنی ہوئی تھیں اس لیے یہ بینک منیجرز صوبائی حکومت کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

صوبے کے تمام میڈیکل کالجز بند

دریں اثنا کورونا وائرس کے پیش نظر ایمرجنسی کے نفاذ کے سبب صوبے کے تمام میڈیکل کالجز بند رہیں گے، تمام میڈیکل کالجز 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔ جب کہ  پراونشل ہیلتھ سروس اکیڈمی اور اس سے ملحقہ ہاسٹلز بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن  پی جی ایم آئی، نرسنگ اور پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ کھلے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔