پنجاب میں فلورملز کے لیے سرکاری گندم کوٹہ میں کمی، آٹے کی قیمت میں اضافے کا خدشہ

رضوان آصف  جمعـء 10 اپريل 2020
اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے میں شدید مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے، فلورملز ایسوسی ایشن فوٹو: فائل

اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے میں شدید مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے، فلورملز ایسوسی ایشن فوٹو: فائل

 لاہور: محکمہ خوراک پنجاب نے فلورملز کو فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کے کوٹہ میں کمی کا آغاز کردیا ہے جب کہ گندم کی نئی امدادی قیمت میں اضافے کلے باعث آٹے کی قیمت میں بھی اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب نے فلور ملز کو فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کے کوٹہ میں کمی کا آغاز کردیا ہے اور 25 اپریل تک صوبے بھر میں سرکاری گندم کی فروخت ختم کردی جائے گی۔27 مارچ کو آٹے کی قلت کے سبب پنجاب بھر کی فلورملز کے کوٹہ میں 5 بوری فی رولر باڈی یومیہ کیا جانے والا اضافہ ماسوائے لاہور کے تمام اضلاع سے واپس لے لیا گیا ہے جبکہ ڈی جی خان ،بہاولپور اور ملتان ڈویژن کی ملز کے کوٹہ میں مزید15 بوری فی رولر باڈی کمی کی گئی ہے۔ لاہور کی ملز کو اس وقت فراہم کی جانے والی 55 بوری فی رولر باڈی یومیہ گندم کوٹہ میں بھی آئندہ چند روز میں 10 سے 15 بوری کمی کردی جائے گی جبکہ لاہور سمیت 34 اضلاع میں سرکاری گندم کی فروخت15 یا20 اپریل جبکہ راولپنڈی میں 25 اپریل کو ختم کردی جائے گی۔ گزشتہ روز تک محکمہ خوراک نے فلورملز کو 42 لاکھ ٹن گندم فروخت کی ہے اور اس کے پاس5 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جب کہ گزشتہ روز تک محکمے نے کسانوں میں 35 ہزار ٹن باردانہ تقسیم کردیا ہے۔

فلور ملنگ انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق اس وقت حکومت 1375 روپے فی من پر گندم فراہم کر رہی ہے جس کی بنیاد پر حکومت نے 20 کلو آٹا تھیلا کی ایکس مل قیمت 783 جب کہ پرچون قیمت 805 روپے مقرر کی ہوئی ہے۔ سرکاری گندم کی ملز کو فراہمی بند ہونے کے بعد مل مالکان نے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدکر آٹا تیار کرنا ہے اور اس مرتبہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 1400 روپے من مقرر کر رکھی ہے اور مارکیٹ صورتحال کے مطابق فلورمل مالکان کو کم ازکم 1430 سے1470 روپے فی من قیمت میں خریداری کرنا ہوگی۔ نئی قیمت کے پیش نظر ایکس مل قیمت 783 روپے میں 15 سے 20 روپے جبکہ پرچون قیمت 805 روپے میں 25 تا 30 روپے تک اضافہ ہو گا۔

”ایکسپریس“ سے گفتگو کرتے ہوئے فلورملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا کہ جب تک حکومت ہمیں سرکاری گندم فراہم کر رہی ہے تب تک آٹے کی موجودہ قیمت یعنی ایکس مل783 اور پرچون قیمت805 روپے برقرار رکھی جائے گی لیکن جب سرکاری گندم کی فراہمی ختم ہو جائے گی اور ملز کو نئی امدادی قیمت کے تناسب سے مارکیٹ سے مہنگی گندم خرید کر آٹا تیار کرنا پڑے گا تو لا محالہ قیمت میں اضافہ ہوگا تاہم کورونا وائرس کے سبب عوام کی مشکل صورتحال کے پیش نظر فلورملز صرف نہایت ناگزیر اضافہ ہی کریں گی کسی قسم کے اضافی منافع کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

عاصم رضا نے کہا کہ اس وقت فلورملز کو اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے میں شدید مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے جس کی وجہ سے آٹے کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،انتظامیہ فلورملز کو گندم خریدنے دے اور جیسے چاہے اس کے درست استعمال کی تصدیق کرے۔

”ایکسپریس“ سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری فوڈ پنجاب وقاص علی محمود نے کہا کہ راولپنڈی میں 25 اپریل تک جبکہ باقی پنجاب میں 15 اپریل تک سرکاری گندم کی فروخت بند کردی جائے گی،اوپن مارکیٹ سے گندم خریداری کے سبب فلورملز کی جانب سے آٹے کی قیمت میں ایک قدرتی اضافہ تو متوقع ہے لیکن حکومت اس بارے ابھی مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔