ایکسپریس کے دفاتر پر حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے جاری

نامہ نگاران  جمعرات 5 دسمبر 2013
مظاہرین نے ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ فوٹو؛ جلال قریشی/فائل

مظاہرین نے ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ فوٹو؛ جلال قریشی/فائل

بھٹ شاہ / سیہون: ایکسپریس میڈیا گروپ کراچی کے دفاتر پر حملے کے خلاف مٹیاری اور سیہون میں صحافیوں نے الگ الگ احتجاجی مظاہرے کیے۔

مٹیاری، ہالا، سعید آباد اور اوڈیرو اسٹیشن کے صحافیوں کے علاوہ جمیعت علماء اسلام، قومی عوامی تحریک، جیے سندھ قومی محاذ اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں اور کارکنان نے احتجاجی مظاہرے کیے اور واقعہ کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر محمد راز خاصخیلی، خورشید بگھیو، ممتاز بلال گل حسن راجپوت، قاسم، منیرہ کاش و دیگر نے ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

علاوہ ازیں سیہون اور سعید آباد پریس کلبوں کے سامنے صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ پریس کلب کے صدر بہادر سولنگی، نذر پنہور، عبدالستار ملاح نے ایکسپریس کراچی کے دفتر پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسپریس پر حملے کے ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے جبکہ صحافیوں اور ان کے دفاتر کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔