پی ٹی وی پر کشمیر کے نقشے کو بھارت کا حصہ دکھانے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری   

ویب ڈیسک  منگل 16 جون 2020
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابقہ پی ٹی وی ہیڈ آف کرنٹ آفئیرز اکرم علی کی درخواست پر نوٹس جاری کیا	 فوٹوفائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابقہ پی ٹی وی ہیڈ آف کرنٹ آفئیرز اکرم علی کی درخواست پر نوٹس جاری کیا فوٹوفائل

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی وی پر کشمیرکے نقشے کو بھارت کا حصہ دکھانے پر برطرف پی ٹی وی افسر کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی وی پر کشمیر کے نقشے کو بھارت کا حصہ دکھانے پر برطرف پی ٹی وی افسر اکرم علی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار اکرم علی کی جانب سے وکیل شاہ خاور عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وکیل نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا 9 جون کو پی ٹی وی کی انکوائری رپورٹ آئی جس میں اکرم علی کو پروگرام پروڈیوسر کرنٹ افیئر ہونے کی بنا پر ذمہ دار قرار دیا گیا، دو افسران پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے میرے موکل کونوٹس بھیجے بغیر برطرف کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابقہ پی ٹی وی ہیڈ آف کرنٹ افئیرز اکرم علی کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ایک ہی قسم کے دیگر کیسز بھی اس کے ساتھ یکجا کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے وفاق،پی ٹی وی، ڈائریکٹر اسپورٹس و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جون تک جواب طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔