کراچی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجی ڈاکٹرز کا اسد عمر کا گھیراؤ

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 جولائی 2020
ہمارا سندھ حکومت پر اختیار نہیں، آپ کی تنخواہ کا معاملہ ہم حل نہیں کرسکتے، اسد عمر

ہمارا سندھ حکومت پر اختیار نہیں، آپ کی تنخواہ کا معاملہ ہم حل نہیں کرسکتے، اسد عمر

 کراچی: عباسی شہید اسپتال کے احتجاجی ڈاکٹرز نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی گاڑی کا گھیراؤ کرکے اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔

چیرمین اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس کراچی میں ہوا جس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، این سی او سی نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان، چیف سیکریٹری سندھ نے شرکت کی۔ اسلام آباد، آزاد جموں وکشمیر اور دیگر صوبوں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر ایس او پیز پر عمل درآمد، مویشی منڈیوں کے انتظامات، ہاٹ اسپاٹ ایریاز، اسمارٹ لاک ڈاؤن  کے حوالے سے خصوصی جائزہ لیا گیا۔

بعدازاں وفاقی وزیر اسد عمر نے عباسی شہید اسپتال کے کورونا وارڈ کا دورہ کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر اور سینئر میڈیکل ڈائریکٹر کے ایم سی نے اسد عمر کو بریفنگ دی۔

اس موقع پر عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے اسد عمر اور وسیم اختر کو واپس جانے سے روک لیا۔ احتجاجی ڈاکٹرز نے اسد عمر کی گاڑی کا گھیراؤ کرکے اپنے مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں فنڈز کی کمی کا سامنا ہے، ڈاکٹرز کی تنخواہیں جلد فراہم کردی جائینگی۔

اسد عمر نے ڈاکٹرز کا مسئلہ حل کرنے سے ہاتھ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں سے بات کرینگے، ہمارا سندھ حکومت پر اختیار نہیں، آپ کی تنخواہ کا معاملہ ہم حل نہیں کرسکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔