ملکی تاریخ میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 16 اگست 2020
اس سہولت سے بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے (فوٹو، فائل)

اس سہولت سے بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے (فوٹو، فائل)

اسلام آباد: وزارت اوورسیز نے پاکستانی کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کو ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس کے مطابق اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک سمیت تمام کمرشل بینکوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری نے ’’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس‘‘ منصوبہ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس سہولت سے بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن واپس آئے بغیر مکمل آپریشنل بینک اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کیلئے بنیادی معلومات اور دستاویز آن لائین فراہم کرنا ہوں گی۔ اوورسیز ہم وطنوں کو پاکستانی بینکنگ کا جدید ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا۔

اس سسٹم کے ذریعے  جس کے ذریعے فنڈز ٹرانسفر, بل کی ادائیگی اور ای کامرس سمیت تمام بنیادی بینکنگ سروسز بھی دستیاب ہوں گی۔ اووسیز پاکستانی اپنی مرضی سے مقامی یا فارن کرنسی میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔

اس منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے اہل ہوں گے۔بینکوں کی جانب سے فکس ڈیپازٹ پراڈکٹس کی آفرز سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔رہائشی یا کمرشل پراپرٹی کی خریداری کیلئے براہ راست ٹرازیکشن کی سہولت مل سکے گی۔

اوورسیز پاکستانیز ملک میں براہ راست بینکنگ پیمنٹس اور سرمایہ کاری کر سکیں گے اور جب چاہیں اپنا سرمایہ  پیشگی اجازت کے بغیر نکال سکتے ہیں۔

اس حوالے سے وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کا شاندار موقع فراہم کر رہے ہیں۔ ڈیجیٹل بینکنگ کی سہولت اوورسز پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ یہ منصوبہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔اوورسیز کمیونٹی کو ملکی ترقی میں اہم شراکت دار بنانا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔