کورونا : پاکستان آنیوالے مسافروں کے لیے نئے ایس اوپیز جاری

طفیل احمد  اتوار 4 اکتوبر 2020
جن ممالک میں کورونا نہیں ہے وہاں سے آنے والے مسافر پی سی آر ٹیسٹ سے مستثنی ہوں گے۔ فوٹو: فائل

جن ممالک میں کورونا نہیں ہے وہاں سے آنے والے مسافر پی سی آر ٹیسٹ سے مستثنی ہوں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی: ملک بھر میں کورونا وائرس میں مسلسل اضافے کے بعد سول ایو ایشن اتھارٹی نے بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے ملکی اور غیرملکی مسافروں کیلیے ایک بارپھر نئی ہدایت جاری کردیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شروع ہونے اور متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد سول ایو ایشن اتھارٹی نے بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے ملکی اور غیرملکی مسافروں کیلیے ایک بارپھر نئی ہدایت جاری کردی جس میں پاکستان پہنچنے والے ملکی اور غیرملکی مسافروں سے کہا ہے کہ انھیں پاکستان کے کسی بھی ایئر پورٹ پر پہنچنے سے 96 گھنٹے قبل کورونا PCR ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ PCR ٹیسٹ پاکستان روانگی سے 96 گھنٹے قبل کرانے ہوں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی نئی ہدایت (ایس او پیز)5 اکتوبر(پیر) سے لاگو ہوگی جو تمام ایئرپورٹس پر 31 دسمبر تک نافذالعمل رہے گی جبکہ طیاروں کے پائلٹ سمیت تمام کیبن کریو کو بھی نئی ہدایت پر سختی سے عمل کرایاجائیگا۔

ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کودوران سفر منہ پر ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے۔ ایس او پیز میں بتایا گیا ہے کہ جن ممالک میں کورونا نہیں ہے وہاں سے آنے والے مسافر پی سی آر ٹیسٹ سے مستثنی ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔