معروف ہدایت کار پرویز ملک کی 12 ویں برسی

ویب ڈیسک  بدھ 18 نومبر 2020
پرویز ملک کو 1966 میں فلم’’ارمان‘‘ اور 1981 میں فلم’’قربانی‘‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کے نگار ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے، فوٹوفائل

پرویز ملک کو 1966 میں فلم’’ارمان‘‘ اور 1981 میں فلم’’قربانی‘‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کے نگار ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے، فوٹوفائل

کراچی: اپنے عہد کے ممتاز اور کامیاب ہدایت کار پرویز ملک کی 12 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

پرویز  ملک 1937 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی مکمل کی۔ بعد ازاں وہ فلمساز و اداکار وحید مراد کے فلمساز ادارے سے وابستہ ہوگئے اور بہ حیثیت ہدایت کار فلم ’’ہیرا پتھر‘‘ بنائی، جسے ملک بھر میں غیر معمولی کامیابی اور مقبولیت حاصل ہوئی۔

اس کے بعد انہوں نے وحید مراد کے ساتھ فلم ’’ارمان‘‘ بنائی اس فلم کو بھی زبردست پذیرائی ملی۔ فلم’’ارمان‘‘ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا کہ وہ پاکستان کی پہلی پلاٹینم جوبلی قرار پائی۔

پرویز ملک نے بطور ہدایت کار 20 سے زائد فلمیں بنائیں جن میں زیادہ تر اردو فلمیں تھیں۔ جن میں خاص طور پر ’’پاکیزہ‘‘ ، ’’تلاش‘‘ ، ’’ہم دونوں‘‘،’’قربانی‘‘ ، ’’غریبوں کا بادشاہ‘‘ اور  ’’پہچان‘‘ قابل ذکر ہیں۔

پرویز ملک کو 1966 میں فلم’’ارمان‘‘ اور 1981 میں فلم’’قربانی‘‘ کے لیے بہترین ہدایت کار کے نگار ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ وہ 18 نومبر 2008 کو اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔