واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے واقعات پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جنوری 2021
امید ہے کہ امریکا میں اقتدار کی منتقلی کا معاملہ جلد حل ہوگا، جوبائیڈن کو فتح کی تصدیق پر مبارک باد دیتے ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

امید ہے کہ امریکا میں اقتدار کی منتقلی کا معاملہ جلد حل ہوگا، جوبائیڈن کو فتح کی تصدیق پر مبارک باد دیتے ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پے کہ ہم واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے واقعات پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں، امید ہے کہ امریکا میں اقتدار کی منتقلی کا معاملہ جلد حل ہوگا، کسی بھارتی مہم جوئی کا جواب پاکستان بھرپور قوت سے دے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا میں انتقال اقتدار پرامن ہوگا، واشنگٹن کی صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں، نو منتخب صدر جوبائیڈن کو ووٹوں کی گنتی کے بعد فتح کی تصدیق پر مبارک باد دیتے ہیں۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے، بھارت کے جنگی جنون کا جواب پاکستان اپنی امن کی خواہش سے دے گا تاہم کسی بھارتی مہم جوئی کا جواب پاکستان بھرپور قوت سے دے گا، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت، تربیت، منصوبہ بندی اور آپریشنز میں معاونت فراہم کر رہا ہے، پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی تخریب کاری کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مچھ سانحہ کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں، افغانستان کے اول نائب صدر امراللہ صالح کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، ان سے امن کے لیے پیش رفت کو کوئی مدد نہیں ملے گی، دونوں ممالک کو سرکاری چینلز کو معاملات پر بات چیت کے لیے اختیار کرنا چاہیے۔

ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بیٹھنا مضحکہ خیز ہے، بھارت اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھی مرتکب ہورہا ہے، پراعتماد ہیں کہ سلامتی کے دیگر مستقل ارکان بھارت کو غیر مستقل نشست پر نہیں بیٹھنے دیں گے، ایران امریکا معاہدے کے حوالے سے پابندیوں کی بجائے بات چیت کے حامی ہیں، قطر اور سعودی عرب کے درمیان زمینی، فضائی اور بری سرحدیں کھولنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔