راولپنڈی میں دعوت ولیمہ پر چھاپہ، کورونا قواعد کی خلاف ورزی پر دلہا کے والد پر مقدمہ درج

ویب ڈیسک  پير 5 اپريل 2021
دعوت ولیمہ کی تقریب میں موجود مہمان کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طعام میں مصروف ہیں (فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

دعوت ولیمہ کی تقریب میں موجود مہمان کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طعام میں مصروف ہیں (فوٹو : ویڈیو اسکرین گریب)

 راولپنڈی: اسسٹنٹ کمشنر صدر نے دعوت ولیمہ پر چھاپے کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دلہا کے والد اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی عائد ہے لیکن عوام کی جانب سے ان احکامات پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر راولپنڈی مہر غلام عباس نے تھانہ چونترہ کی حدود موضع کروڑ میں واقع ایسی ہی ایک دعوت ولیمہ پر چھاپہ مارا جہاں ایس او پیز کے خلاف دعوت ولیمہ میں لوگوں کی کثیر تعداد طعام میں مصروف تھی۔ اس اقدام پر اسسٹنٹ کمشنر نے دلہا کے والد ملک محمد یوسف اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق دعوت ولیمہ میں شریک افراد نے نہ تو سماجی فاصلہ برقرار رکھا تھا اور نہ ہی ماسک لگا رکھے تھے اس لیے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔