ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کی شکایت کیلیے سیل قائم

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 اپريل 2021
صوبے میں اشیائے ضروریہ کی کمی نہیں، رمضان کی آڑ میں ناجائز منافع کمانے نہیں دیا جائیگا،انتظامیہ سڑکوں پر رہے گی، ڈاکٹر کھٹو مل۔ فوٹو: فائل

صوبے میں اشیائے ضروریہ کی کمی نہیں، رمضان کی آڑ میں ناجائز منافع کمانے نہیں دیا جائیگا،انتظامیہ سڑکوں پر رہے گی، ڈاکٹر کھٹو مل۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا ہے کہ ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزوں کی شکایات درج کرنے کے لیے شکایاتی سیل قائم کیا ہے، یہ سیل ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز کے دفتر میں قائم کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر کھٹو مل جیون کا کہنا تھا کہ عوام شکایتی سیل میں صبح 9 بجے سے  اپنی شکایات ان نمبروں 02199244607 / 02199244608  پر درج کراسکتے ہیں جبکہ صارفین اپنی شکایات ضلعی انتظامیہ کے دفاتر میں بھی درج کرسکتے ہیں، ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ صوبے بھر میں ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جاچکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسیز کے افسران بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے چھاپے مار رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ صوبے میں اشیائے  ضروریہ کی کمی نہیں، رمضان کی آڑ میں ناجائز منافع کمانے نہیں دیا جائے گا۔

ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے کہا کہ رمضان کے پہلے روز صوبے بھر میں 2 ہزار 7 سو سے زائد  دکانوں، پھل و سبزیاں فروش اور دیگر اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کی چیکنگ کی گئی ،ناجائز منافع خوری پر صوبے بھر کے 5سو 70 سے زائد گراں فروشوں اور دکانداروں پر 11 لاکھ 23 ہزار روپے سے زائد کا چلان کیاگیا۔

ترجمان کے مطابق کراچی ڈویژن میں 137 منافع خوروں پر 6 لاکھ 90 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔