وزیرخارجہ کا اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل سے رابطہ؛ افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 اگست 2021
وزیرخارجہ نے سیکرٹری جنرل اوآئی سی کوافغانستان کے اندر اورباہرکچھ امن مخالف قوتوں کی موجودگی کے خطرے سے بھی آگاہ کیا: فوٹو: فائل

وزیرخارجہ نے سیکرٹری جنرل اوآئی سی کوافغانستان کے اندر اورباہرکچھ امن مخالف قوتوں کی موجودگی کے خطرے سے بھی آگاہ کیا: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیرخارجہ کا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹریوسف العثمین کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغان رہنما اپنے باہمی اختلافات کے خاتمے اورجامع سیاسی تصفیے کیلئے جاری مذاکرات سے فائدہ اٹھائیں گے، کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کیلئے بہتری کا باعث ہوگی، ضرورت اس امرکی ہے کہ افغان شہریوں کی سیکورٹی اوران کے حقوق کے تحفظ کویقینی بنایا جائے۔

وزیرخارجہ نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ افغانستان کی بحالی اورتعمیرنو کیلئے افغانوں کو معاشی معاونت کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مسلم امہ پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے افغانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے، کابل میں ایک ایسی وسیع البنیاد حکومت کے خواہاں ہیں ۔

وزیرخارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو افغانستان کے اندر اور باہر کچھ امن مخالف قوتوں (اسپائیلرز) کی موجودگی کے خطرے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کابل میں واپسی کے منتظر مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اورمیڈیا نمائندگان کے انخلاء کیلئے پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ معاونت سے بھی آگاہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔