کنگنا رناوت بھارت کی اصلیت بتانے والے کامیڈین پر چڑھ دوڑی

ویب ڈیسک  جمعرات 18 نومبر 2021
میرا مقصد بھارت کی توہین کرنا نہیں تھا، کامیڈین ویرداس فوٹوفائل

میرا مقصد بھارت کی توہین کرنا نہیں تھا، کامیڈین ویرداس فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھارت کی اصلیت بتانے والے کامیڈین ویرداس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

معروف بھارتی کامیڈین ویرداس کی حال ہی میں واشنگٹن میں دی جانے والی پرفارمنس کی یوٹیوب پر ریلیز کی گئی ویڈیو ’’آئی کم فروم ٹوانڈیاز‘‘ جس میں انہوں نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے پر انتہاپسندوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے۔

اور اب ان پر تنقید کرنے والوں میں اداکارہ کنگنا رناوت بھی شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے نہ صرف ویرداس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ ان کے ’’ٹوانڈیا‘‘ وژن کے بارے میں دی گئی پرفارمنس کو ’’نرم دہشتگردی‘‘ قرار دیا ہے۔

کامیڈین ویرداس نے چند روز قبل جان ایف کینیڈی سینٹر واشنگٹن میں پرفارمنس دیتے ہوئے بھارت کے دوہرے معیار اور تاریک پہلوؤں کامشاہدہ کرتے ہوئے ملکی مسائل مثلاً کووڈ 19 کے خلاف جنگ، اجتماعی عصمت دری، کسانوں کا احتجاج، پاکستان اور پاکستانیوں کو لے کر بھارتیوں کی متضاد رائے جیسے کئی مسائل پر طنز کیا تھا۔ ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کے بعد انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے اس پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

کنگنا رناوت کا ردعمل اس وقت سامنے آیا ہے جب کامیڈین ویرداس نے اپنی ویڈیو پر تنقید کے بعد وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد بھارت کی توہین کرنا نہیں تھا۔ بلکہ ان کی ویڈیو ہندوستان کے دوہرے معیار کے بارے میں ایک طنزیہ ویڈیو تھی۔ بالکل اسی طرح جیسے کسی بھی قوم میں اچھائی برائی، روشنی اور تاریکی ہوتی ہے اور اس میں کوئی راز نہیں ہے۔

دوسری جانب تازہ ترین پیش رفت میں، دہلی کے رہائشی آدتیہ جھا نامی شخص نے کامیڈین ویرداس کے خلاف جان ایف کینیڈی سینٹر میں پرفارمنس کے دوران مبینہ طور پر بھارت کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر پولیس شکایت بھی درج کرائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔