سوریا ونشی میں مسلمانوں کو ولن دکھانے پر مہوش حیات برہم

ویب ڈیسک  جمعرات 18 نومبر 2021
بالی وڈ کی نئی فلم سوریا ونشی اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دے رہی ہے، اداکارہ - فوٹو:فائل

بالی وڈ کی نئی فلم سوریا ونشی اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دے رہی ہے، اداکارہ - فوٹو:فائل

 کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے بالی وڈ کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’سوریا ونشی‘ میں مسلمانوں کو ولن کے طور پر دکھانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بننے والی سوریا ونشی وہ پہلی فلم ہے جو بھارت میں کورونا لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد سینیما گھروں میں ریلیز کی گئی ہے۔ اس فلم نے بھارت سمیت دیگر ممالک میں کافی بزنس کیا ہے۔

سوریا ونشی میں مسلمانوں کو ولن کے طور پر دکھا کر اسلاموفوبیا کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی ہے جس پر شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ تاہم روہت شیٹھی کا کہنا ہے کہ میری پچھلی فلموں میں ہندوؤں کو ولن دکھانے پر کبھی تنقید نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فلم میں مسلمانوں کو ولن کے طور پر پیش کرنا کسی خاص ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے۔

اداکارہ مہوش حیات کا اپنے ردِ عمل میں کہنا ہے کہ بالی وڈ کی نئی فلم سوریا ونشی اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دے رہی ہے، یہ رجحان ہالی وڈ میں بدل رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ سرحد کے اس پار بھی اس کی پیروی کی جائے گی، اگر فلم میں مثبت عکاسی نہیں کر سکتے تو کم از کم اس طرح انصاف تو کریں جس طرح آپ مسلمانوں کو دکھاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔