طالبان کیخلاف سب سے زیادہ مزاحمت خیبر پختون خوا نے کی، بلاول

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 نومبر 2021
عمران خان نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا،چیئرمین پیپلزپارٹی ۔ فوٹو:فائل

عمران خان نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا،چیئرمین پیپلزپارٹی ۔ فوٹو:فائل

 لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ طالبان کیخلاف سب سے زیادہ مزاحمت خیبر پختون خوا نے کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مانکی شریف میں تحریک پاکستان کے رہنما پیر سید امین الحسنات کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، سابق وزیر پیر آف مانکی پیر نبی امین اور پیرزادہ محمد امین نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مانکی شریف میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مانکی شریف میرا دوسرا گھر ہے یہاں سے ہمیشہ محبت ملی، پیر آف مانکی شریف کی قیام پاکستان کے خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، خیبر پختون خوا کا ریفرنڈم پاکستان کے حق میں پیر آف مانکی شریف کی بدولت کامیاب ہوا، خیبر پختون خوا کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ طالبانائزیشن کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت کے پی کے نے کی، حکومت ٹی ٹی پی سے مذاکرات کی تفصیلات پبلک کرے، عمران خان نے پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا، ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر عوام سے دو وقت کی روٹی چھین لی گئی، عوام آئندہ انتخابات میں نام نہاد تبدیلی کو مسترد کردیں۔

پیر آف مانکی شریف سابق وزیر پیر نبی امین نے بلاول بھٹو کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بے نظیر بھٹو سمیت ہزاروں پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات مسترد کرتے ہیں، ریاست ہمارے شہداء کی قربانیوں کا اعتراف کرے، پیر آف مانکی شریف کا قائداعظم سے معاہدہ اسلامی ریاست کا قیام تھا جس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔