شرح سود بڑھانا اندھی حکومت کا اندھا دھند اقدام ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  اتوار 21 نومبر 2021
روپے کی قدر بڑھانے کے لیے حکومت اپنے خرچے کم کرے اور  درآمدات میں کمی لائے، قائد حزب اختلاف (فوٹو : فائل)

روپے کی قدر بڑھانے کے لیے حکومت اپنے خرچے کم کرے اور درآمدات میں کمی لائے، قائد حزب اختلاف (فوٹو : فائل)

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں اضافہ موجودہ اندھی حکومت کا ایک اور اندھا دھند تباہ کن اقدام اور نجی صنعت پر حملہ ہے، روپے کی قدر بڑھانے کیلیے برآمدات میں اضافہ، درآمدات میں کمی اور حکومتی خرچے کم کرنے ہوں گے۔

اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں ڈیڑھ فیصد مزید اضافہ اندھی حکومت کا ایک اور اندھا دھند تباہ کن اقدام ہے، پاکستان پر سالانہ مزید 400 ارب سود کی اضافی ادائیگی لاد دی گئی ہے، اس اقدام سے نجی شعبے کو بھی 100 ارب روپے سود کی مد میں زیادہ ادا کرنے پڑیں گے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ شرح سود بڑھا کر نجی صنعت پر ایک اور حملہ کیا گیا، حکومت روپے کی گرتی ہوئی قدر کو روکے، اس کا صحیح طریقہ شرح سود بڑھانا نہیں بلکہ برآمدات میں اضافہ ہے، حکومت کو درآمدات میں کمی کرنا ہوگی اور حکومتی خرچے کم کرنا ہوں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ حماقت در حماقت کر کے حکومت خوش گمانی میں مبتلا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روپے کی بے قدری کو شاید روک لیا جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے پچھلے ہفتے کے انڈیکس میں 15 فیصد اضافہ تھا، بڑا اضافہ 60 فیصد کا بجلی کے نرخوں میں تھا، پرائس انڈیکس میں 70 فیصد کا اضافہ ایل پی جی کی قیمت میں تھا، ان دونوں اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا سود شرح سود سے کوئی تعلق نہیں، ان قیمتوں کا اضافہ صرف حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ہوا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ حکومت عام آدمی کی زندگی اجیرن کرنے کا دوسرا نام ہے، عوام کے کچن کا بجٹ دگنا سے زائد ہوگیا، تاریخ کی مہنگی ترین گیس ہونے کے باوجود بھی عوام کو گیس فراہم نہیں ہو رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔