پانی کے مسئلے پر وزیر اعلیٰ سندھ کا بلوچستان کے ہم منصب سے رابطہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 23 نومبر 2021
بلوچستان کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، وزیر اعلیٰ کی میر چنگیز خان جمالی سے ملاقات پر گفتگو
 فوٹو: فائل

بلوچستان کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، وزیر اعلیٰ کی میر چنگیز خان جمالی سے ملاقات پر گفتگو فوٹو: فائل

 کراچی:  وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیااور دسمبر کے اوائل میں پانی کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی دعوت دی۔

بلوچستان میں پانی کی قلت کا مسئلہ پی پی پی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی نے اٹھایا جنھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیر کے روز وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ ہمارے بھائی ہیں ان میں سے زیادہ تر کراچی، جیکب آباد اور سکھر میں رہتے ہیں، میں کہنا چاہتا ہوں کہ سندھ، بلوچستان کے عوام کا دوسرا گھر ہے تو ہم ان کا پانی کیسے لے سکتے ہیں؟ لیکن ہم انہیں ہم آہنگی سے حل کرنا چاہتے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جب سکھر بیراج پر پانی کی سطح کم  ہوتی ہے تو کھیرتھر/جھل مگسی کینال تک پانی کی فراہمی  رْک جاتی ہے،پانی کی قلت کا سامنا نہ صرف بلوچستان بلکہ سندھ کو بھی کرنا پڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بلوچستان میں اپنے ہم منصب عبدالقدوس بزنجو سے بات کی اور انھیں دونوں صوبوں کے ماہرین کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کی دعوت دی تاکہ پانی کی قلت کے مسئلے کے حل کیلیے تبادلہ خیال کیا جاسکے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعلیٰ سندھ کے ذاتی دلچسپی لینے پرانکا شکریہ ادا کیا جبکہ میر چنگیز جمالی نے وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ بھی ادا کیا، قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے چنگیز جمالی کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔