وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  منگل 23 نومبر 2021
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جلد شیڈول جاری کرے گا

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جلد شیڈول جاری کرے گا

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کو وزارتوں اور ڈویژنز میں خالی آسامیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پٹرول بحران کمیشن رپورٹ پر کابینہ کمیٹی کی سفارشات بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔

کابینہ نے 38 ادویات کی قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وزارت پاور ڈویژن کی سمری پر حیسکو کے سی ای او کو ہٹانے کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے کمیٹی برائے توانائی اور کمیٹی برائے لیجیسلیٹو کے فیصلوں کی توثیق کردی۔

وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن جلد شیڈول جاری کرے گا۔

کابینہ اجلاس میں مہنگائی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مہنگائی کے تازہ ترین اعدا د وشمار پر بریفنگ دی گئی۔

دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں مہنگائی میں زیادہ اضافہ ہوا

کابینہ اجلاس میں سندھ حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید کی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں آٹا چینی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا، خیبر پختون خواہ اور پنجاب میں مہنگائی کو کافی حد تک کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔