پنجاب حکومت نے پراپرٹی ٹیکس میں 80 تا 130 فیصد اضافہ ختم کردیا

رضوان آصف  بدھ 24 نومبر 2021
19 لاکھ سے زائد پراپرٹی مالکان کیلئے پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر بڑا ریلیف دے دیا۔

19 لاکھ سے زائد پراپرٹی مالکان کیلئے پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر بڑا ریلیف دے دیا۔

 لاہور: پنجاب میں پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے والے 19 لاکھ سے زائد پراپرٹی مالکان کیلئے پنجاب حکومت نے باضابطہ طور پر بڑا ریلیف دے دیا۔

حکومت نے چند ماہ قبل ختم کی جانے والی پراپرٹی ٹیکس ری میشن کو واپس بحال کرتے ہوئےپراپرٹی ٹیکس میں رواں سال کیلئے ہونے والا 80 فیصدتا130 فیصد کا اضافہ ختم کردیا ہے۔

گزشتہ سال کی شرح میں صرف10 فیصد اضافہ شامل کیا جائے گا جبکہ ذاتی استعمال اور کرایہ پر دی گئی عمارت کے پراپرٹی ٹیکس میں 1 اور5 کی شرح بھی برقرار رہے گی ۔

علاوہ ازیں پنجاب کابینہ نے وفاقی وزارت دفاع کے ذیلی ادارے ”این آر ٹی سی “ کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے صوبے میں چلنے والی 1 کروڑ80 لاکھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلز پر RFID (ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹی فیکیشن) اسٹیکر نصب کرنے کی اجازت دیدی ہے۔

یہ اسٹیکر گاڑی کی اسکرین پر جبکہ موٹر سائیکل کی ہیڈ لائٹ کے اندر چسپاں کیا جائے گا ،تمام گاڑی وموٹر سائیکل مالکان کیلئے یہ اسٹیکر لگوانا لازمی ہوگااور اس اسٹیکر کی قیمت 1200 سے1400 روپے کے درمیان متوقع ہے۔

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے حوالے سے تین اہم ترین فیصلے کئے گئے ہیں۔ کابینہ نے عوام بالخصوص تاجروں کے احتجاج کے بعد پراپرٹی ٹیکس ادائیگی میں دی گئی رعایت(ری میشن) ختم کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے ،رواں مالی سال کیلئے عوام کو نئے ٹیکس چالان جاری کیئے جائیں گے جن میں پراپرٹی ٹیکس میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے صرف 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا،حکومت کے اس فیصلے سے پنجاب کے 19 لاکھ سے زائد پراپرٹی مالکان کو مجموعی طور پر 145کروڑ روپے کے لگ بھگ ریلیف ملے گا۔

جن افراد نے اضافہ شدہ ٹیکس جمع کروا دیا ہے ان کی اضافی رقم کو آئندہ سال کے پراپرٹی ٹیکس میں ایڈجسٹ کیا جائے گا کابینہ نے ذاتی اور کرایہ پر دی گئی ٹیکس رعایت کی شرح 1 اور 5 بحال کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے ،ریسورس موبلائزیشن کمیٹی نے یہ شرح کم کر کے 1 اور3 کردی تھی جس کی وجہ سے کاروباری طبقے پر غیر معمولی دباؤ آیا تھا، رواں مالی برس کے آغاز پر حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ 2014 ءکے پراپرٹی ٹیکس سروے کے مطابق ٹیکس دہندگان کو دی گئی ٹیکس ری میشن کی رعایت مکمل طور پر ختم کر دی جائے، اس فیصلے کے نتیجے میں عوام کو بھیجے جانے والے ٹیکس چالانوں میں پراپرٹی ٹیکس کی مد میں غیر معمولی اضافہ ہونے پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔