عدالت حکم عدولی پر 40 پولیس افسران اور اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم

ارشد بیگ  پير 10 فروری 2014
کئی نوٹسوں کے باوجود تفتیشی افسران اور اہلکار2برس گزرجانے کے باجود گواہی کیلیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ فوٹو: فائل

کئی نوٹسوں کے باوجود تفتیشی افسران اور اہلکار2برس گزرجانے کے باجود گواہی کیلیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ فوٹو: فائل

کراچی: تفتیشی افسران کی غفلت، لاپروائی اور عدالتی حکم عدولی کے باعث سیکڑوں معمولی نوعیت کے مقدمات التوا کا شکار ہیں ،عدالت نے سرکاری وکیل کی شکایت پر 40پولیس افسران و اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ سیشن جج غربی ایاز مصطفی جوکھیو کو سرکاری وکیل سید شمیم احمد نے تحریری درخواست میں بتایا کہ پولیس مقابلوں، اقدام قتل اور اسلحہ ایکٹ کے الزام میں ملوث ملزمان زور طلب ، یوسف لاہوتی ، محمد اکرم ، نور شاہ ، حاکم علی ، اصغر ، غلا م اصغر ، جاوید اقبال ، عبداﷲ ، میر محمد ، عبدالمجید سمیت درجنوں ملزمان کے مقدمات میں تفتیشی افسران اور پولیس اہلکار 2 برس گزجانے کے باجود گواہی کیلیے عدالتوں میں پیش نہیں ہورہے کئی بار نوٹس جاری کیے گئے لیکن انھوں نے انکار کردیا،سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ عدالت نے استغاثہ کو مقدمات میں گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا وکیل سرکار نے گواہوں کو پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی اور پولیس افسران کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی تھی۔

 photo 5_zps8ebf4e9f.jpg

فاضل عدالت نے وکیل سرکار کی تحریری شکایت پر سی آئی ڈی کے سب انسپکٹر بشیر جونیجو ، ایچ سی پرویز خان اہلکار محمد خالد ، تھانہ سائٹ کے سب انسپکٹر غلام اصغر ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر آزاد خان ، ، نزاکت ، پی سی خلیل نواز ، تھانہ اورنگی ٹائوں کے سب انسپکٹر محمد سلیم احمد ، اے ایس آئی احسان کلہوڑو ، سپاہی عبدالولی ، تھانہ سعیدآباد کے سب انسپکٹر محمد اکرم ، محمد حنیف ، اہلکاروں میں شامل صدرالدین ، غلام حسین ، تھانہ پاک کالونی کے سب انسپکٹر خالد انور ، شکیل ، روشن شبیر ، موچکو کے پولیس انسپکٹر محمد انور ، منصور احمد اور عبدالمجید ، تھانہ مبینہ ٹائون کے انسپکٹر گلفراش اعوان ، سائٹ اے سب انسپکٹر عملی ممتاز ، اشد خان ، اے ایس آئی ناظم بیگ ، امان اﷲ ، علی ممتاز ، منگھو پیر کے اے ایس آئی بشیر احمد سولنگی ، خادم حسین، اہلکار آفتاب ، انیس اور تھانہ موچکو کے سب انسپکٹر محمد رفیق تنولی ، اے ایس آئی ایوب بھٹی اہلکار اظہر حسین اور اشرف سمیت 40پولیس افسران واہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ تھانیداروں کو ان کی گرفتاری اور عدالت میں مختلف تاریخوں میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔