کراچی وزیراعلیٰ سے بھیک نہیں مانگ رہا اب فیصلے کا وقت آگیا ہے اسد عمر

جب تک عوام بااختیار نہیں ہوں گے ملک کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک December 12, 2021
جب تک عوام بااختیار نہیں ہوں گے ملک کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے، وفاقی وزیر - فوٹو:فائل

ISLAMABAD: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کراچی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھیک نہیں مانگ رہا، سندھ کے لیے فیصلے کا وقت آگیا ہے۔

پی ٹی آئی کے تحت سندھ کے بلدیاتی نظام کے خلاف منعقدہ کراچی اسٹیک ہولڈرز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں جو مکانی نظام پہلے موجود تھا اس پر میں اور وزیراعظم عمران خان پٹیشن پر دستخط کندہ ہیں جو سپریم کورٹ میں موجود ہے، سیاست چند خاندانوں کے قبضے میں ہے، عوام کو اختیار نہیں دیے گئے تو مسائل حل نہیں ہوں گے، ہم ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ نے اختیارات کی منتقلی کا وعدہ پورا نہیں کیا۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ کا دارالحکومت وزیراعلیٰ سے بھیک نہیں مانگ رہا، ہم سندھ اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز اٹھاتے رہیں گے، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی آواز دبائی نہیں جاسکتی، یہ صوبے کی خودمختاری کی بات نہیں آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے، ہم اس معاملے پر عدالتوں میں جا رہے ہیں، سندھ بھر میں ہم اس پر تحریک شروع کرچکے ہیں، سندھ کی عوام کے ساتھ فیصلہ کن مرحلے میں لیکر جانا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے آج لائحہ عمل بنانا ہے، یہ مسئلہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں، اس نظام کے ذریعے حکمران آجاتے ہیں اور امیر سے امیر تر ہو جاتے ہیں، چہرے نہیں نظام کو بدلنا ہوگا، ایسا نظام ہونا چاہیے کہ جو منتخب ہو وہ مجبور ہو کام کرنے کے لیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2013ء کا بلدیاتی قانون آئین کے مطابق نہیں اس میں تبدیلی کی ضرورت ہے، جب تک عوام بااختیار نہیں ہوں گے ملک کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے، مقامی حکومتوں کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں