سندھ حکومت ناراض ہونے کی بجائے اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرے فواد چوہدری

کابینہ نے پرانے نوٹوں کی تبدیل کے لیے ایک سالہ مہلت کی منظوری دی دے، وزیر اطلاعات کی کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ


/staff Reporter December 14, 2021
(فوٹو: فائل)

WELLINGTON: وفاقی کابینہ نے پرانے نوٹوں کو تبدیل کرانے کے لیے ایک سال کی مہلت دینے کی منظوری دے دی ساتھ ہی وزیراعظم نے گوادر میں احتجاج ختم کرانے کے لیے اسد عمر اور زبیدہ جلال کو جانے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تقریباً 15 نکاتی ایجنڈا سے متعلق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف سمری اور تجاویز کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں گوادر کے احتجاج کا معاملہ زیر بحث آیا جس پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اسد عمر اور زبیدہ جلال کو گوادر جاکر معاملے کو حل کرنے کی ہدایت کردی۔

الیکشن کمیشن نے 3900 ووٹنگ مشینیں مانگی ہیں، فواد چوہدری

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے اسلام آباد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، الیکشن کمیشن نے وزرات سائنس کو خط لکھا اور اسلام آباد میں الیکشن کے لیے 3 ہزار 900 مشینیں مانگی ہیں، وزرات سائنس نے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا ہے، الیکشن کمیشن کو ای وی ایم مشین فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ ای وی ایم کے لیے ٹینڈر جاری کرے۔

اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں پاکستان خطے میں سب سے سستا ہے

فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں ٹماٹر، مرغی اور آلو کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، زرعی ملک ہونے کے باوجود دالیں باہر کے ملک سے منگوانا پڑتی ہیں، اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے حوالے سے ہمارا ملک خطے میں سب سے سستا ہے۔

سندھ حکومت صحت اور راشن کارڈ میں حصہ نہیں لے رہی

انہوں ںے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے مالیت سے سدرن بلوچستان کے لیے پیکیج کا اعلان کیا جاچکا، سندھ کے لیے بھی بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن سندھ حکومت صحت اور راشن کارڈ میں حصہ نہیں لے رہی، سندھ میں آٹا پورے ملک کے مقابلے میں مہنگا مل رہا ہے، میڈیا سے درخواست ہے کہ کراچی اور لاہور میں آٹے کی قیمت کا موازنہ کریں۔

سندھ حکومت ناراض ہونے کی بجائے اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرے

انہوں ںے کہا کہ کراچی میں 1347 اور کوئٹہ میں 1400 روپے کا آٹے کا تھیلا ہے، کراچی میں چینی 97 اور ملک کے دیگر شہروں میں 90 روپے کلو ہے، کراچی میں دودھ، گندم شوگر کی قیمت سندھ میں کنٹرول میں نہیں، سندھ حکومت ناراض ہونے کی بجائے اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرے۔

ہمارے دور میں یوریا کی ریکارڈ پیداوار ہوئی

وزیر اطلاعات نے کہا کہ گیس مسئلے کے باوجود کھاد کے معاملے کو بہترین انداز میں حل کیا گیا، یوریا کی ہمارے دور میں ریکارڈ پیداوار ہوئی، رواں سال 33 ملین میٹرک ٹن کھاد تیار کی گئی، شوگرکی پالیسی کے حوالے سے بحث کروانے جارہے ہیں، شوگر ریفارمز کمیٹی کی رپورٹ آج جاری کی جارہی ہے۔

2 کروڑ افراد نے ویکسین کا صرف ایک ڈوز لگوایا ہے

انہوں نے کہا کہ ملک میں 25 فیصد لوگوں نے کورونا ویکسین لگوالی ہے، 2 کروڑ افراد نے کورونا ویکسین کی صرف ایک ڈوز لگوائی ہے، کورونا ویکسی نیشن مکمل ہونے سے قوت مدافعت بڑھتی ہے۔

پرانے نوٹ تبدیل کرانے کے لیے ایک سالہ مہلت منظور

پرانے نوٹوں کو تبدیل کرانے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے ایک سال مہلت کی منظوری دے دی ہے اب نوٹوں کی تبدیلی کے لیے مزید ایک سال دیا جارہا ہے۔

او آئی اسی اجلاس میں افغانستان کا ساتھ دیں گے

کابینہ میں افغانستان سے متعلق فیصلے پر انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی جارہی ہے، او آئی سی کے اجلاس میں افغان بھائیوں کے لیے ہرممکن مدد حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

گیس سلنڈر سے متعلق جامع پالیسی لانے کا اعلان

گیس کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ گیس کے شعبے کی ڈی ریگولرائزیشن کی جارہی ہے، گیس سلنڈر کے حوالے سے جامع پالیسی لارہے ہیں۔

ادویات کی قیمتوں پر غیرضروری مہم شروع ہوجاتی ہے

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے ملک میں فارما انڈسٹری پہلی بار اپنے پاؤ ں پر کھڑی ہوئی ہے، ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے غیرضروری مہم شروع کی جاتی ہے، اس حوالے سے قانون بنانے کا حتمی اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔

پاکستان، قازقستان کے مابین فضائی روٹ کی منظوری

انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے پاکستان، قازقستان کے مابین فضائی روٹ کی منظوری دے دی ہے، پاکستان اور عراق کے مابین فضائی روٹ میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں