DAMSACUS:
شام میں بشارالاسد کا تختہ الٹنے والے اپوزیشن باغیوں کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے اعلان کیا ہے کہ سابق دورہ میں قیدیوں پر تشدد یا قتل کرنے میں ملوث ہر شخص کو سخت سزا دی جائے گی اور ان کے لیے معامی کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ابومحمد الجولانی نے سرکاری ٹی وی سے نشر ہونے والے بیان میں کہا کہ شام میں ہم ایسے لوگوں کا پیچھا کریں گے اور بیرون ملک موجود افراد کی حوالگی کے لیے حکومتوں سے رابطہ کریں گے تاکہ ہم انصاف دلا سکیں۔
بیرون ممالک موجود سابق عہدیداروں کے حوالے سے بیان میں وضاحت نہیں کی گئی ہے جبکہ سابق صدر بشارالاسد بھی روس میں سیاسی پناہ لے کر وہاں مقیم ہوگئے ہیں تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ نئے حکمران ان کی واپسی کے لیے بھی روس سے مطالبہ کریں گے یا نہیں تاہم سابق صدر کا نام لیے بغیر بیرون ملک مقیم سابق عہدیداروں کے لیے خطرے کی گھنٹی ضروری بجا دی ہے۔
ابو محمد الجولانی کی قیادت میں اپوزیشن فورسز نے بشارالاسد کا 24 سالہ اقتدار اور ان کے خاندان کو 5 دہائیوں سے جاری راج کا خاتمہ کردیا تھا، جس کا مختلف ممالک نے خیرمقدم کیا تاہم شام میں ہونے والی پیش رفت پر دنیا کی کڑی نظر ہے کہ آیا نئے حکمران ملک کو استحکام کی راہ پر چلا سکتے ہیں یا پہلے سے ہی نسلی اور فرقہ وارانہ اور خانہ جنگی کا شکار ملک مزید ابتری میں چلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: شام؛ حیران کن اور ڈرامائی انداز سے بشار الاسد کا تختہ الٹنے والے ابو محمد الجولانی کون ہیں ؟
شام کے اسد خاندان کی 5 دہائیوں پر محیط حکمرانی کے دوران شام مشرق وسطیٰ کے انسانی حقوق کے حوالے سے بدترین ممالک میں سے ایک شمار ہوتا تھا جہاں عوام پر ظلم اور خصوصاً قیدیوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک ہوتا تھا۔
ابومحمد الجولانی کی قیادت میں تبدیلی کے بعد شام میں بشارالاسد کے عتاب کا شکار رہنے والے افراد نئے حکمرانوں سے انصاف کے متقاضی ہیں اور ساتھ ہی انہیں ملک میں حالات بہتر ڈگر پر چلانے کا امتحان بھی درپیش ہے۔
ملک کے عبوری وزیراعظم محمد البشیر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ لاکھوں مہاجرین کی واپسی، اتحاد پیدا کرنا اور بنیادی خدمات کی فراہمی کے لیے کام کریں گے جبکہ فنڈز کی کمی کے باعث ملک کا تباہ حال اسٹرکچر دوبارہ کھڑا کرنے کے لیے دشواری کا سامنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: شام کے امورِ مملکت کون چلائے گا؟ بغاوت کے سربراہ ابو محمد نے اعلان کردیا
عبوری وزیراعظم نے ملک کی مالی خستہ حالی سے بھی دنیا کو آگاہ کیا کہ غیرملکی کرنسی کا وجود ملک میں نہیں ہے، قرضوں اور بانڈز کے بارے میں دستاویزات اکٹھی کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بشارالاسد کے ملک چھوڑ جانے کے بعد نئے حکمران بدنام زمانہ جیلوں کی کھوج لگا رہے ہیں، جن میں سب سے زیادہ بدنام صید نایا جیل ہے جس کے بارے میں بڑی دردناک کہانیاں مشہور ہیں۔