لاہور میں خیمے گاڑ کر بیٹھوں گا اور مخالفین کا مقابلہ کرونگا، آصف زرداری

ویب ڈیسک  جمعرات 23 دسمبر 2021
یہ آپس میں نانی کا کنبہ بنا کر بیٹھے ہیں جو کبھی کسی روپ میں تو کبھی کسی روپ میں، حقیقت میں ہیں وہی، سابق صدر

یہ آپس میں نانی کا کنبہ بنا کر بیٹھے ہیں جو کبھی کسی روپ میں تو کبھی کسی روپ میں، حقیقت میں ہیں وہی، سابق صدر

ٹنڈو الٰہیار: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ لاہور میں خیمے گاڑ کر بیٹھوں گا اور مخالفین کا مقابلہ کرونگا۔

ٹنڈوالہیار میں سابق صدر آصف زرداری نے رہنماؤں و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانے کو آگے لے کر چلنا ہے، عوام نے بھی وہ کام نہیں سوچیں ہونگے جو پی پی نے پہلے سوچے اور پھر کرکے بھی دکھائے۔

آصف زرداری نے کہا کہ یہ عہد اور وعدہ ضرور کرتا ہوں کہ غریبوں کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑونگا۔ ہمیشہ غریبوں کے ساتھ کھڑا رہونگا۔ انشاء الله آئندہ نسل بلاول اور آصفہ کی قیادت میں عوامی علاقوں میں کام کرتی رہے گی۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ تھوڑا بہت ہمارا اور وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے۔ سیاست میں مسئلے ہوتے رہتے ہیں۔ پورے پاکستان اور لاہور جارہا ہوں۔ جہاں خیمے گاڑ کر بیٹھوں گا اور ان کا مقابلہ کرونگا۔ جب تک ان کا وہاں مقابلہ نہیں کریں گے تو یہ رکیں گے نہیں۔ یہ آپس میں نانی کا کنبہ بنا کر بیٹھے ہیں جو کبھی کسی روپ میں تو کبھی کسی روپ میں۔ حقیقت میں ہیں وہی۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ انشاء الله آئندہ ان کا مقابلہ کریں گے اور عوام کی ان کے ساتھ جنگ ہوگی جس میں فتح عوام کی ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔