اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے کرتے اٹھائے، آصف زرداری

ویب ڈیسک  پير 27 دسمبر 2021
فاسابق صدر نے گڑھی خدا بخش میں کارکنان سے خطاب کیا۔ فائل فوٹو

فاسابق صدر نے گڑھی خدا بخش میں کارکنان سے خطاب کیا۔ فائل فوٹو

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے ہوئے اٹھائے۔

گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی برسی پر منعقدہ جلسے سے انتہائی مختصر خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ ملک کی تقدیر بلاول بھٹو تبدیل کرسکتے ہیں، بی بی سے کیے گئے وعدے آہستہ آہستہ پورے کررہا ہوں، وہ وقت دور نہیں جب آپ لوگوں کی تقدیر بدلے گی کیونکہ پاکستان کے عوام کا یہ نصیب نہیں کہ وہ ہمیشہ غریب رہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر اب تک عوامی خدمت کی سیاست کی، ہمارا منشور، سوچ اور آخرت عوام کی خدمت ہی ہے، ہم ہمیشہ دعا کرتے ہیں اللہ ہمیں غریبوں کی خدمت کرتے کرتے اٹھا۔

مزید پڑھیں: جیالے تیاری پکڑیں کٹھ پتلی پر اب وار کرنے کا وقت آچکا، بلاول بھٹو زرداری

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک امیر ملک ہے، یہاں بس سوچ کی کمی ہے، جو یہ کہتے ہیں اُس پر بھی سوچ بچار بھی نہیں کرتے، اور نہ ہی اُسے تسلیم کرتے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ آپ (پیپلز پارٹی)  کی حکومت دوبارہ آئے گی، پھر پاکستان کے غریبوں کی تقدیر اور دن بدل جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو شہید کی برسی آج منائی جا رہی ہے

دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین نے کارکنان سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے بے نظیر شہید کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔