منشیات کے جھوٹے الزام پر بھارتی اداکارہ کی خودکشی

ویب ڈیسک  منگل 28 دسمبر 2021
ادکارہ کو دو لوگوں نے این سی بی کا جعلی افسر بن ہراساں کیا تھ۔۔ فائل فوٹو

ادکارہ کو دو لوگوں نے این سی بی کا جعلی افسر بن ہراساں کیا تھ۔۔ فائل فوٹو

ممبئی: بھارت کی مقامی انڈسٹری کی اداکارہ نے منشیات کے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے اور گرفتاری کے خوف سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھوجپوری انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی 28 سالہ اداکارہ نے حال ہی میں اپنی دوستوں کے ساتھ ہوٹل میں منعقد ہونے والی پارٹی میں شرکت کی۔

بعد ازاں ان کے نمبر پر دو لوگوں نے نارکوکٹس کنٹرول بیورو کا افسر بن کر بات کی اور انہیں منشیات استعمال کرنے کے الزام میں پھنسا کر گرفتار کرنے کی دھمکی دی۔

این بی سی کے افسر بن کر سامنے آنے والے دونوں افسران نے اداکارہ اور اُن کی تین دوستوں کی جان بخشی کے لیے چالیس لاکھ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد معاملہ 20 لاکھ روپے میں طے پایا۔

رقم وقت پر نہ پہنچنے کے بعد این سی بی کے جعلی افسران نے اداکارہ کو فون کر کے گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کی دھمکیاں دیں، جن سے تنگ آکر وہ 23 دسمبر کو پنکھے میں جھول گئیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکارہ کی کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کی کوشش

پولیس حکام نے اداکارہ کی شناخت مخفی رکھی اور یہ بتایا کہ وہ ممبئی کے علاقے جوگ شواری میں قائم ایک فلیٹ میں کرایے پر رہائش پذیر تھیں، اسی مقام سے اُن کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

اداکارہ کی لاش ملنے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے جب تحقیقات شروع کیں تو ساری کتھا کھل کر سامنے آئی، جس کے بعد تفتیشی افسر نے آنجہانی اداکارہ سے ہوٹل میں ملنے والے لوگوں سے بھی رابطہ کیا اور اُن کے بیانات قلم بند کیے۔

ان میں ایک عظیم قاضی نامی نوجوان بھی تھا، جس کے ہاتھ اداکارہ نے آدھی رقم بھجوا دی تھی جس کے بعد این سی بی کے جعلی افسران نے تینوں کو بلیک میل کیا۔پولیس کے مطابق جعلی افسران کی دھمکیوں کے بعد اداکارہ ڈپریشن کی مریضہ بن گئی تھی اور وہ اس حوالے سے کافی پریشان تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ کی گھر میں پھندا لگی لاش برآمد

پولیس نے واقعے کا مقدمہ امبولی تھانے میں انڈین پینل کوڈ کی دفعات 384، 388،389، 506 اور 120 بی کے تحت مقدمہ درج کر کے این سی بی کے جعلی افسران کو گرفتار کرلیا جنہوں نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔