بدبخت بیٹوں نے باپ کا سر کاٹ کر لاش سڑک کنارے پھینک دی

ویب ڈیسک  بدھ 29 دسمبر 2021
 والد دوسری شادی کرنا چاہتا تھا، جس پر والدہ نے طیش دلایا اور ہم نے سفاکانہ واردات کی، ملزمان کا اعترافی بیان۔ فوٹو:فائل

والد دوسری شادی کرنا چاہتا تھا، جس پر والدہ نے طیش دلایا اور ہم نے سفاکانہ واردات کی، ملزمان کا اعترافی بیان۔ فوٹو:فائل

گجرات: بدبخت اور سفاک بیٹوں نے باپ کو بے دردی سے قتل کر کے لاش سڑک کنارے پھینک دی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق گجرات کے علاقے کلیوال سیداں سے سر کٹی لاش ملی تھی، پولیس  نے تحقیقات میں انکشاف کیا ہے کہ مقتول کو اس کے سگے بیٹوں نے قتل کیا تھا اور لاش سڑک کنارے پھینک کر روپوش ہوگئے تھے، تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس حکام نے  بتایا کہ 4 جون کو ایک شخص کی سر کٹی لاش ملی تھی، جسے بے دردی سے قتل کر کے لاش سڑک کنارے پھینک دی گئی تھی، مقتول کی شناخت غلام سرور کے نام سے ہوئی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کیا تو مقتول کے اہل خانہ غائب تھے، جس پر پولیس نے ان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیں۔

حکام نے بتایا کہ  مقتول غلام سرور کے 2 بیٹوں اور بیوی کو شیخوپورہ سے گرفتار کر لیا گیا، ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے والد کو قتل کیا، اور اس قدر بے دری سے مارا کہ اس کا سر ہی جسم سے جدا کردیا، ملزمان کا کہنا تھا کہ والد دوسری شادی کرنا چاہتا تھا، جس پر والدہ نے طیش دلایا اور ہم نے سفاکانہ واردات کی۔

پولیس کے مطابق ملزمان مریدکے کے رہائشی ہیں، اور انہوں نے اپنے والد کا سر کاٹ کر لاش گجرات کے نواحی گاؤں کلیوال سیداں میں پھینکی تھی، تاکہ لاش کو لاوارث سمجھ کر تحقیقات نہ کی جائیں، تاہم پولیس نے ملزمان غلام حیدر، ارسلان حیدر اور نجمہ کوثر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے، اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔