کینیڈا کی عدالت کا ایران میں گرائے گئے جہاز کے متاثرین کو کروڑوں ڈالر ادا کرنے کا حکم

لواحقین کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے ایران کے آئل ٹینکرز ضبط کرانے کی کوشش کریں گے، وکیل


ویب ڈیسک January 04, 2022
کینیڈا کی عدالت نے لواحقین کو 8 کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا، فوٹو: فائل

کینیڈا کی عدالت نے ایران میں پاسداران انقلاب کے حملے میں تباہ ہونے والے طیارے کے مسافروں کے لواحقین کو 8 کروڑ 39 لاکھ 40 ہزار ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کی اونٹاریو کی اعلیٰ عدالت برائے انصاف کے جسٹس ایڈورڈ بیلوبابا نے 2020 میں ایران میں گرائے گئے یوکرین کے طیارے کے 6 کینیڈی مسافروں کے لواحقین کو سود سمیت زر تلافی ادا کرنے کا حکم دیا ہے جو مجموعی طور پر 107 ملین کینیڈی ڈالرز بنتے ہیں۔

لواحقین کے وکیل مارک آرنلڈ نے کہا کہ دیگر ممالک میں موجود ایران کے آئل ٹینکرز ضبط کرکے مرنے والے مسافروں کے اہل خانہ کو رقم ادا کرانے کے لیے وہ اور ان کی ٹیم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

یہ خبر پڑھیں؛ ایران کا یوکرین کا مسافر طیارہ مارگرانے کا اعتراف

وکیل مارک آرنلڈ نے 6 لواحقین کی جانب سے ایران اور ان دیگر افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جو ان کے خیال میں واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ وکیل کے مطابق کچھ لواحقین نے ایران کے خوف سے اپنے نام خفیہ رکھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں؛ یوکرینی طیارہ 2 ایرانی میزائلوں کا نشانہ بنا، ویڈیو سامنے آگئی

ایران نے جنوری 2020 میں یوکرائن کے ایک جہاز کو مار گرایا تھا جس میں سوار تمام 176 افراد مارے گئے تھے جن میں کینیڈا کے 55 شہری اور 30 مستقل رہائشی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے صدرروحانی کے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی پر یوکرینی طیارہ گرانے کا جرم قبول کیا

ابتدا میں ایران نے طیارہ گرانے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا تاہم بعد میں تسلیم کیا کہ غلطی سے مسافر بردار طیارے کو نشانہ بنایا جس پر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تفتیش جاری ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں