کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران نوجوان کو قتل کرنے والے ملزم نے خود کشی کرلی

اسٹاف رپورٹر  منگل 18 جنوری 2022
پولیس خفیہ اطلاع پر ملزم کو پکڑنے گلشن اقبال پہنچی تو ملزم نے گرفتاری کے خوف سے خود کو گولی مادی . فوٹو : اسکرین گریب

پولیس خفیہ اطلاع پر ملزم کو پکڑنے گلشن اقبال پہنچی تو ملزم نے گرفتاری کے خوف سے خود کو گولی مادی . فوٹو : اسکرین گریب

 کراچی: کشمیر روڈ پر نوجوان کو مزاحمت پر قتل کرنے والے مبینہ ملزم نے پولیس کو دیکھ کر گرفتاری کے خوف سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

اس حوالے سے ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عارف عزیز نے بتایا کہ نوجوان شاہ رخ کے قتل کی تحقیقات میں پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ واردات میں فرزند علی جعفری نامی شخص ملوث ہے جو کہ پولیس اہلکار بھی بتایا جاتا ہے تاہم پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کر رہی تھی کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ فرزند علی جعفری نامی ملزم گلشن اقبال میں ایک نجی اسپتال کے قریب آیا ہوا ہے جس پر پولیس پارٹی جیسے ہی مذکورہ مقام پر پہنچی تو ملزم نے پولیس کو دیکھ کر خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے جب کہ مبینہ ملزم کا اسلحہ پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے جس کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکشی کرنے والا مبینہ ملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہو چکا ہے جب کہ وہ انویسٹی گیشن پولیس میں تعینات بتایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ مقتول شاہ رخ کی کچھ روز قبل شادی ہوئی تھی، اس کی والدہ اور بہن رکشے میں گھر پہنچیں تھیں تو اس دوران موٹر سائیکل پر ملزم پہنچا اور ان سے طلائی چوڑیاں چھین رہا تھا کہ والدہ نے گھر کی بیل بجائی دی اور اس دوران شاہ رخ گھر سے باہر نکلا تو ملزم نے ایک گولی چلائی جو نوجوان کو لگی اور وہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔