فواد چوہدری نے دبئی ایکسپو میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا افتتاح کردیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جنوری 2022
مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث فلم انڈسٹری زوال کا شکارہوئی، چوہدری فواد حسین فوٹوفائل

مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث فلم انڈسٹری زوال کا شکارہوئی، چوہدری فواد حسین فوٹوفائل

دبئی: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دبئی ایکسپو میں پاکستانی فلموں کی نمائش کا افتتاح کردیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈراما، فلم، ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اپنی کہانی دنیا تک پہنچائی جاسکتی ہے۔ 1960ء کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا فلم میکرملک تھا، پاکستان دنیا کا دوسرا ملک تھا جہاں بڑے سینما گھرتھے۔

1970ء کی دہائی کے بعد پاکستان میں فلم انڈسٹری اور سینما گھروں پر توجہ نہیں دی گئی، مناسب توجہ نہ ملنے کے باعث فلم انڈسٹری زوال کا شکارہوئی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے فلم اور ڈراما انڈسٹری کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے۔

وزیراطلاعات نے کہا حکومت نے سینما گھروں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں رعایت سمیت ان پر عائد ٹیکسوں میں بھی کمی کی، اس وقت سینما گھروں کو سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے، حکومت نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے، فلم انڈسٹری پر تمام ٹیکسز ختم کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’’طیفا ان ٹربل‘‘ سمیت 11 پاکستانی فلمیں دبئی ایکسپو کا حصہ

مقامی مواد کی حوصلہ افزائی کے لئے غیر ملکی مواد پر ٹیکسز عائد کئے،غیر ملکی ڈراموں پر ٹیکس اس لئے لگائے تاکہ ہمارے اپنے لوگ ڈراموں اور اشتہارات میں کام کر سکیں۔

فواد چوہدری نے کہا پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات موجود ہیں جہاں فلم سازی کے لیے این او سی کے طریقہ کار کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے، دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین ہیرے کی مانند ہے، یہاں پیش کی جانے والی پاکستانی فلمیں عالمی ناظرین کے لیے ہیں۔

واضح رہے کہ ایکسپو 2020ء میں پاکستان اپنی بلاک بسٹر فلموں کی اسکریننگ سے اپنے سینما کو فروغ دے رہا ہے۔26فروری تک ہر جمعہ اور ہفتہ کو مجموعی طور پر 11 پاکستانی فلمیں پاکستان پویلین میں پیش کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب کے پہلے روز علی ظفر اور مایا علی کی فلم ’’طیفا ان ٹربل‘‘ کی اسکریننگ کی گئی۔ وفاقی وزیراطلاعات نے فیتہ کاٹ کر پاکستان پویلین میں فلموں کی نمائش کا آغاز کیا۔ فلم اسکریننگ کے لیے اداکارعلی ظفر اور اداکارہ حریم فاروق بھی موجود تھیں۔ افتتاحی تقریب میں یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔