ڈیلٹا ویریئنٹ کے مقابلے میں اومیکرون سے ہلاکت کا امکان 91 فیصد کم ہوتا ہے تحقیق

ڈیلٹا کی نسبت اومیکرون ویریئنٹ میں مبتلا افراد کے شدید بیمار ہو کر آئی سی یو پہنچنے کی شرح 74 فیصد کم رہی


ویب ڈیسک January 22, 2022
ڈیلٹا کی نسبت اومیکرون ویریئنٹ میں مبتلا افراد کے شدید بیمار ہو کر آئی سی یو پہنچنے کی شرح 74 فیصد کم رہی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ISLAMABAD: امریکا میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ 'سارس کوو 2' وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کا شکار ہونے والوں کی نسبت اومیکرون ویریئنٹ سے متاثر ہونے والوں میں موت کا امکان 91 فیصد کم ہوتا ہے۔

یہ تحقیق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایسے 70 ہزار افراد پر کی گئی جو ڈیلٹا یا اومیکرون ویریئنٹ میں سے کسی ایک میں مبتلا ہوئے تھے۔

ان تمام افراد سے حاصل شدہ معلومات کے تجزیئے سے پتا چلا کہ اومیکرون ویریئنٹ کے متاثرین میں موت کا امکان، ڈیلٹا سے متاثر افراد کی نسبت 91 فیصد کم رہا۔

یہی نہیں بلکہ ڈیلٹا ویریئنٹ میں مبتلا ہونے والوں کے مقابلے میں اومیکرون کے متاثرین کی حالت شدید خراب ہونے اور آئی سی یو میں داخل کرانے کی شرح 74 فیصد کم رہی جبکہ انہیں (ڈیلٹا متاثرین کی نسبت) 70 فیصد کم وقت کےلیے اسپتال میں قیام کرنا پڑا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس تحقیق کو بنیاد بنا کر کورونا ویکسین لگوانے میں کوتاہی نہ کی جائے کیونکہ اومیکرون ویریئنٹ اپنی بہت کم ہلاکت خیزی کے باوجود، ڈیلٹا ویریئنٹ کے مقابلے میں بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور کئی گنا زیادہ افراد کو متاثر کرتا ہے۔

لہذا، ہلاکت خیزی میں فیصد (شرح) کے لحاظ سے بہت کمی ہونے کے باوجود، اومیکرون ویریئنٹ سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد پھر بھی خاصی زیادہ ہوسکتی ہے۔

نوٹ: واضح رہے کہ یہ تحقیق 'میڈیکل آرکائیو' کے پری پرنٹ سرور پر شائع ہوئی ہے یعنی اب تک یہ کڑی نظرِ ثانی سے گزر کر قابلِ بھروسہ قرار نہیں دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں