کراچی کی گرین لائن بس پر شرپسندوں کا پتھراؤ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 22 جنوری 2022
نمائش سے سرجانی کے درمیان چار مقامات پر بس پر پتھراؤ کیا گیا (فائل فوٹو)

نمائش سے سرجانی کے درمیان چار مقامات پر بس پر پتھراؤ کیا گیا (فائل فوٹو)

 کراچی: شہر قائد میں گرین لائن بس پر نامعلوم افراد کی جانب سے پتھراؤ کے بعد ضلع وسطی کی انتظامیہ نے پولیس میں شکایت درج کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 19 جنوری کو گرین لائن کی بس پر پٹیل پاڑا کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا، جس میں کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔

انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گرین لائن بسوں پر کئی روز سے پتھراؤ جاری ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پولیس ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی عمل میں لائے۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے گرین لائن بس پر پتھراؤ کرنے کے واقعات نمائش سے سرجانی کے درمیان 4 مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے پیش آئے ہیں۔

دوسری جانب سندھ پولیس کے ترجمان نے کہا کہ گرین لائن بس روٹ کے اطراف میں قائم کچی آبادی میں رہائش پذیر 2/3 چھوٹے بچوں نے شرارت میں گرین لائن بس پر پتھراو کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سینٹرل نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر متعلقہ ایس ایچ او کو پتھراو کرنے والے بچوں کی تلاش کی ہدایت کی ہے جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے روٹ پر لگنے والے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اطراف میں پولیس پیٹرولنگ بڑھانے اور علاقوں میں اس طرح کی سرگرمیوں سے باز رہنے کے نوٹس بھی جاری کرنے کی ہدایت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی پولیس عوام کے تحفظ کی امین ہے اسکے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔