کورونا اور نزلے پر قابو پانے کے لیے کیپسول تیار

ویب ڈیسک  اتوار 23 جنوری 2022
یہ مدافعتی نظام کو متحرک اور اُسے بڑھا سکتی ہے (فائل فوٹو)

یہ مدافعتی نظام کو متحرک اور اُسے بڑھا سکتی ہے (فائل فوٹو)

 لندن: برطانیہ کے طبی ماہرین نے ایک ایسی دوا تیار کی ہے جس کی مدد سے کورونا اور نزلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق دوا ساز کمپنی آئی او ایس بائیو نے فلووڈ کے نام سے ایک کیپسول تیار کیا، جو کورونا اور عام نزلے دونوں کے لیے مفید ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے ٹرائلز کے دوران اس دوا کے بہت اچھے نتائج سامنے آئے ہیں جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ کیپسول مستقبل میں بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔

آئی او ایس کے ایگزیکٹو چیئرمین وین چینن نے کہا کہ دوا کے انسانی تجربات اس سال کے آخر میں شروع ہونے کی توقع ہے، اگر یہ کامیاب ہو جاتے ہیں تو خاص طور پر سردیوں میں نزلے اور وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے یہ گولی بہت مفید ہوگی کیونکہ یہ مدافعتی نظام کو متحرک اور اُسے بڑھا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اس وقت بوسٹر ویکسی نیشن کی طرف جارہے ہیں جبکہ ہر سال ہم نزلے کی ویکسی نیشن بھی تیار کررہے ہیں، اس وقت ہماری کوشش کسی ایسی دوا یا کیپسول کی تیاری ہونی چاہیے جس کی مدد سے یہ دونوں کام ممکن ہوسکیں‘۔

وین چینن نے بتایا کہ ’ہم نے اس دوا کا جانوروں پر تجربہ کیا ہے جو انتہائی شاندار رہا، ہماری کوشش طبی عملے اور مریضوں کو تحفظ دینے کی ہے تاکہ اسپتالوں اور ویکسین کلینکس میں ہجوم کم سے کم ہوسکے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اب ہمارے پاس کیپسول کی صورت میں ٹو ان ون فارمولا آگیا ہے، جسے کمرے کے درجہ حرارت میں بھی رکھا جاسکتا ہے، مستقبل میں ترقی یافتہ ممالک بھی اس دوا کو تیار کرسکیں گے‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔