وولف بیری کھائیں، الزائیمر سے محفوظ رہیں

ویب ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
وولف بیری یا گوجی بیری میں موجود طاقتور اجزا الزائیمر کو روکنے کی زبردست صلاحیت رکھتےہیں۔ فوٹو: فائل

وولف بیری یا گوجی بیری میں موجود طاقتور اجزا الزائیمر کو روکنے کی زبردست صلاحیت رکھتےہیں۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین اور شمالی امریکہ میں عام پائی جانے والی ایک مرغوب نعمت وولف بیری یا گوجی بیری ہے جو ہزاروں برس سے کھائی جارہی ہے۔ اب معلوم ہوا ہے کہ یہ شوخ بیری الزائیمر اور دماغی انحطاط سے بھی بچاتی ہے۔

چینی سائنسدانوں نے اس بیری سے الزائیمر سےبچانے کا پورا سائنسی طریقہ کار دریافت کیا ہے۔ اسے عام طور پر چینی کھانوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ خشک بیریاں اور ان کے سپلیمنٹ اب پاکستان میں بھی دستیاب ہیں۔

ہم پہلے سے جانتے ہیں کہ گوجی بیری اینٹی آکسیڈنٹ خواص سے بھری ہوتی ہیں اور ری ایکٹو آکسیجن کے نقصانات کا ازالہ کرتی ہے۔ ری ایکٹو آکسیجن اسپیشیز امراضِ قلب، کینسر اور دماغی انحطاط کی وجہ بن سکتےہیں۔

ایک صبرآزما تحقیق میں چینی اکادمی برائے سائنسِس کے ماہرین نے گوجی بیری کے اعصابی نظام کا سالماتی سطح پر جائزہ لیا ہے۔ سب سے پہلے انہیں سی ایلیگنز کیچووں پرآزمایا گیا ہے۔ سائنسداں یہ جان کر حیران رہ گئے کہ بیری کے اہم کیمیائی اجزا ایمی لوئڈ بی ٹا پروٹین کو ختم کرتے ہیں جو الزایئمر کی وجہ بن سکتےہیں۔ واضح رہے کہ یہ پروٹین دماغی خلیات سے چپک کر ان کی صلاحیت کو ماند کردیتا ہے۔

یہ تمام تحقیقات ایف اے ایس ای بی جرنل میں شائع ہوئی ہیں۔ بنیادی طور پر یہ ری ایکٹو آکسیجن بننے سے روکتا ہے اور اس طرح ایمی لوئڈ بی ٹا پروٹین کی پیداوار کم ہوجاتی ہے۔

ماہرین نے ان جین کا پتا بھی لگایا ہے جو بیری میں پائے جاتے ہیں اور مائٹوکونڈریائی پروٹین یعنی ایم ٹی یو پی آر کو سرگرم کرتےہیں۔ اس سے بی ٹا پروٹین کی پیداوار بہت حد تک کم ہوجاتی ہے۔ اس طرح بیری کے پورے نظام کو سمجھ کر الزائیمر کے علاج کی راہ ہموار ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔