سندھ اور کے پی میں گندم و آٹا مہنگا، پنجاب پر دباؤ بڑھ گیا

رضوان آصف  پير 24 جنوری 2022
سستے آٹے کی پشاور اسمگلنگ، کراچی کی ڈیمانڈ نے پنجاب میں گندم کا ریٹ بڑھا دیا۔ فوٹو: فائل

سستے آٹے کی پشاور اسمگلنگ، کراچی کی ڈیمانڈ نے پنجاب میں گندم کا ریٹ بڑھا دیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: کراچی میں گندم جبکہ پشاور میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں نے پنجاب کی گندم اور آٹا مارکیٹ پر دباؤ میں اضافہ کردیا ہے۔

پنجاب سے بڑی مقدار میں گندم اور آٹا کی دونوں صوبوں کو فراہمی جاری ہے جبکہ بعض مفاد پرست عناصر نے پنجاب کے عوام کیلیے مختص سبسڈائزڈ آٹاکی پیکنگ تبدیل کر کے پشاور اسمگل کرنا شروع کردیا ہے۔ پنجاب کی مارکیٹ سے1100 روپے میں خریدا گیا تھیلا پشاور میں 1400 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

کراچی میں گندم کی قیمت2700 روپے فی من سے تجاوز ہونے کے بعد کراچی کے فلورمل مالکان اور تاجر پنجاب کی اوپن مارکیٹ سے بڑی مقدار میں گندم خرید رہے ہیں جس کی وجہ سے نجی گندم کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، لاہور میں گندم کی قیمت2580سے2600 روپے جبکہ راولپنڈی میں 2630 روپے فی من تک جا پہنچی ہے اور آئندہ دو روز میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ کراچی میں گندم کی قلت کے سبب قیمت بڑھ رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔