شکرگڑھ میں گھر سے چیز لینے کیلئے جانے والا کمسن بچہ اغواء کے بعد قتل

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جنوری 2022
میرا اکلوتا بیٹا تھا ناحق قتل کیا گیا پولیس انصاف دلائیں، والد نوید کی دہائی۔ فوٹو : فائل

میرا اکلوتا بیٹا تھا ناحق قتل کیا گیا پولیس انصاف دلائیں، والد نوید کی دہائی۔ فوٹو : فائل

شکرگڑھ میں گھر سے چیز لینے کیلئے جانے والے کمسن بچے کو اغواء کے بعد قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق شکرگڑھ میں 9 سالہ عمیرنوید گھر سے باہر نکلا جسے کسی نے اغواء کرلیا،  دو گھنٹے کی تلاش کے بعد قریبی کھیتوں سے لاش مل گئی۔

مقامی پولیس نے پوسٹمارٹم کے لئے لاش اسپتال منتقل کردی، والد نوید کی مدعیت میں اغواء اور قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

والد نوید نے اپنے بیان میں کہا کہ میرا اکلوتا بیٹا تھا ناحق قتل کیا گیا پولیس انصاف دلائیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے شکر گڑھ میں مبینہ طور پر اغواء کے بعد 9 سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروئی عمل میں لائی جائے، لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

آئی جی پنجاب نے ڈی پی او نارووال کو بچے کے لواحقین سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔