ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جنوری 2022
محمد رضوان اور شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سلطانز کی فتح ممکن ہوئی۔ فوٹو : ٹویٹر

محمد رضوان اور شان مسعود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سلطانز کی فتح ممکن ہوئی۔ فوٹو : ٹویٹر

 کراچی: ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تیسرا میچ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز اسکور کیے اور سلطانز کو 207 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور 150 کی شراکت داری قائم کی۔

بعد ازاں 150 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، انہوں نے 50 گیندوں پر 1 چھکے اور 14 چوکوں کی مدد سے 83 رنز اسکور کیے، سلطانز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے جو 168 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے کلین بولڈ کیا۔

محمد رضوان نے 42 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نئے آنے والے کھلاڑی رلی روسو 181 کے مجموعی اسکور پر صرف پانچ رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، نئے آنے والے کھلاڑی ٹم ڈیوڈ بھی صرف ایک رن بنا کر پویلین کی جانب روانہ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود 83 ، محمد رضوان 69 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ قلندرز کے بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان اور حارث رؤف کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

لاہور قلندرز  کی جانب سے عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 89 رنز پر گری جس میں عبداللہ شفیق 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کامران غلام آئے اور فخر زمان کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو  آگے بڑھایا لیکن فخر زمان 76 رنز پر احسان اللہ کی گیند پر عمران خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ 16، کامران غلام 43 اور بین ڈنک 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ لاہورقلندرز نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان 206 رنز اسکورکیے اور سلطانز کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دیا۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان 76 اور کامران غلام 43 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ولی، شاہ نواز دھانی، عمران طاہر، خوش دل شاہ اور احسان اللہ ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔