علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

21 تا 27 مارچ،2022


March 20, 2022
21 تا 27 مارچ،2022

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
آپ کا ستارہ بدستور دوستوں سے فائدے دلارہا ہے، پیر اور منگل قمر عقرب میں کم زور مقام سے گزرے گا، گھر اور والدہ کے حوالے سے کچھ فکرمندی ہوسکتی ہے۔ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ کسی بات پر جذبات کے بہاؤ میں بہنے کا اندیشہ ہے۔ سورج شرفی برج حمل میں آچکا ہے۔ آپ کی شخصیت میں ایک رعب اور نیا رنگ آسکتا ہے۔ مزاج میں ایک جوش اور ولولہ آسکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
آپ کے کیریئر کے خانے میں مریخ آپ کے ستارے کے ساتھ مسلسل ہے۔ کچھ حاسدین آپ کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتے ہیں۔ پیر اور منگل آپ کے کچھ قریبی دوستوں کا رویہ اور انداز آپ کی امیدوں کے پھول مسل سکتا ہے۔ دل بڑا کریں مشکل وقت ہی سچے اور جھوٹے دوستوں کے درمیان فرق لاتا ہے۔ آپ اپنا رویہ مثبت رکھیں یہی بہتر جوابی وار ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
آپ کی معاشرتی پہچان یکسر بدلتی نظر آرہی ہے۔ آپ اپنے مزاج سے بالکل الگ ہورہے ہیں۔ آپ کا پیدائشی عطارد اگر مثبت ہے تو یہ وقت آپ کے روحانی شخص کو باہر نکال لائے گا اور اگر عطارد منفی ہے تو ممکن ہے آپ کی کوئی بات جگ ہنسائی کی وجہ بن جائے۔ پیر اور منگل اپنے کام کی جگہ جذبات میں بہنے سے بچیں یہاں مالی نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
آپ محبوب یا بچوں سے جو امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں ممکن ہے ویسا سب کچھ نہ ہو۔ سب کچھ آپ کی مرضی اور جذبات کے مطابق ہو ایسا ضروری بھی نہیں ہے۔ اس میں جذباتی ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ایسی کیفیت اور صورت حال سے بچیں ورنہ خواہ مخواہ کے فاصلے پیدا ہوسکتے ہیں۔ شریکِ حیات سے کسی اختلافی بات پر تو تڑاخ سے گریز کیجیے۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
آپ کا ستارہ اپنے پسندیدہ تخت پر جابیٹھا ہے۔ اگلا ایک مہینہ آپ بزرگوں کے تعاون سے پسند کی جگہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوسکتے ہیں۔ ممکن ہے وہ رشتہ بیرون ملک سے تعلق رکھتا ہو۔ پیر اور منگل تھوڑے سے مشکل ایام ہوسکتے ہیں۔ ممکن ہے آپ کی توقعات سو فی صدی پوری نہ ہوسکیں یا آپ کے مزاج کے خلاف کوئی معاملہ ہوجائے۔ ایسے وقت میں پرسکون رہنے کی کوشش کریں۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
بظاہر یوں لگتا ہے آپ کے اور آپ کے تعلقات کے درمیان سب کچھ اچھا ہے، لیکن کچھ چیزیں ایسی پسِ پردہ ہیں۔ آپ کے اور آپ کے محبوب کے درمیان کچھ فاصلے ہیں یا وہ گرم جوشی اور قرب جو آپ چاہتے ہیں وہ نہ مل سکے۔ یہاں پیر اور منگل اہم ایام ہیں پرانے تعلقات میں گرم جوشی آسکتی ہے، لیکن کسی بات پر دوریاں بھی پیدا ہوسکتی ہیں۔ ایک گڈمڈ سا ہفتہ ہوسکتا ہے۔ بہرحال آپ تعلق کے نئے پہلوؤں سے آشنا ہوسکیں گے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23 اکتوبر
کیریئر کا سیارہ چاند ہبوطی برج یعنی عقرب سے گزرے گا۔ کیریئر کے حوالے سے کسی ناپسندیدہ صورت حال سے آپ کا سامنا ہوسکتا ہے۔ پیسہ آکے جا سکتا ہے پریشان اور جذباتی نہ ہوں۔ ویسے آپ کی ترجیحات اس سے الگ ہوسکتی ہیں۔ ازدواجی حوالے سے جاری الجھنیں اس ہفتے حل ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔ آپ کے ساتویں یعنی تعلقات کے خانے میں سورج آچکا ہے یہ اس صورت حال میں حتمی نتیجہ سامنے لائے گا۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
شریکِ حیات اور بزنس پارٹنر سے تلخی اور دوری ہوسکتی ہے، بزرگوں اور سنیئرز کا جھکاؤ آپ کو دوسری سمت محسوس ہوگا۔ اس سلسلے میں پیر اور منگل کو کوشش کریں کہ بحث سے دور رہیں بزنس میں بہتری کی امید ہے۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
وراثتی حصے میں سے ممکن ہے آپ کو آپ کا مکمل حصہ نہ ملے۔ اس سلسلے میں بہن بھائیوں سے تلخی ہونے کا اندیشہ ہے لیکن آپ کی درگزر کردینے کی فطرت آپ کو کوئی بڑا اور نامناسب قدم اٹھانے سے روک لے گی۔ کیریئر کے حوالے سے کچھ فکر لاحق ہوسکتی ہے۔ ایسے وقت میں اس سلسلے میں کوئی تبدیلی لانے والا قدم نہ اٹھائیں یہی بہتر ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
شریکِ حیات سے کسی معاملے پر تلخی ہوسکتی ہے۔ کسی دوست سے بھی دوریاں ہوسکتی ہیں۔ گذشتہ دو سال سے جن مالی امور میں کام یابی کے لیے آپ کوشاں تھے وقت آگیا ہے اب اس میں آپ کا کام یاب ہونا طے ہے۔ وراثتی مکان یا پلاٹ مل سکتا ہے۔ بزنس میں نئی صورت حال آپ کو نئی کام یابیوں کی راہ دکھائے گی مالی فائدہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
چاند کم زور حالت میں کیتو، عطارد اور طاقت ور مشتری اور نیپچون سے نظر ملائے گا۔ یہاں کیریئر سے متعلق کوئی الجھن سر اٹھاسکتی ہے۔ اگرچہ آپ کی کافی مضبوط پوزیشن ہے پھر بھی اس الجھن کے باعث جذباتی ہونے سے گریز کیجیے گا۔ یہاں جاب میں تبدیلی یا ممکن ہے خاتمہ بھی ہوجائے، لیکن چوںکہ کچھ اور ستاروں کی صورت حال بتارہی ہے کہ ایسے وقت میں کوئی بڑا مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ پرائزبانڈ یا لاٹری سے بھی فائدہ ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
قمر بچوں کا نمائندہ ہے۔ یہ آپ کے مقدر کے خانے میں کم زور ہوگا۔ یعنی برج عقرب میں پیر اور منگل اس سلسلے میں کوئی الجھن ہوسکتی ہے کوئی فکر لاحق ہوسکتی ہے۔ رشتہ طے ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے اس رشتے کا تعلق بیرون ملک یا دور دراز سے ہو۔ آن لائن یا دوسرے ملک میں انویسٹمنٹ کے لیے مناسب وقت ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں