رٹ قائم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، طلعت مسعود

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 23 فروری 2014
متحدہ نے طالبان کیخلاف آوازبلند کی، ثمن جعفری، پروگرام تکرار میں عمران خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

متحدہ نے طالبان کیخلاف آوازبلند کی، ثمن جعفری، پروگرام تکرار میں عمران خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: دفاعی تجزیہ کارطلعت مسعودنے کہاہے کہ حکومت کی کوشش تھی کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے امن قائم کیاجائے لیکن یہ کامیاب نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام تکرارمیں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوںنے کہاکہ جب تک پاکستانی علاقوں میں دہشت گردوںکی پناہ گاہیں ہیں اورحکومت کی رٹ ان علاقوں میں قائم نہیں ہے تودہشتگردی کی کارروائیاں ہوتی رہیں گی۔ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن ممکن ہے وسیع کرناپڑے۔ ریاست کی ذمے داری ہے کہ عوام کے جان و مال کو محفوظ بنائے اوراپنے علاقوں میں اپنی رٹ قائم رکھے۔ مارچ میں آپریشن کاوقت موزوں ہے کیونکہ خطے سے امریکی انخلاکی وجہ سے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ اگرعلاقوں میں کنٹرول قائم نہیں ہوتا توپھر وہاں دہشت گردی کے منصوبے بنتے ہیں، دہشت گردوں کی قیادت، ان کے فنڈزکی نگرانی اور شہروں میں ان کے سپورٹرزپر نظر رکھنا ضروری ہے۔ یہ جنگ عوامی تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی۔ سب کچھ فوج نے ہی نہیں کرنا۔

پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جب نقل مکانی ہوتی ہے تومطلوب افرادبھی معصوم لوگوں کی آڑمیں وہاںسے نکل آتے ہیں۔ جب فورسزوسیع آپریشن کریںگی تواس کاشدید ردعمل سامنے آئے گا۔ وفاق کی ذمے داری ہے کہ صوبوں کو اعتمادمیں لے۔ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعیدنے کہاکہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوںکی وجہ سے خیبر پختونخوا اورکراچی متاثر ہوںگے کیونکہ لوگ اپنی رہائش کامسئلہ حل کرنے کے لیے اپنے رشتے داروں اورعزیزوں کی طرف جاتے ہیں۔ وفاق نے اگرآپریشن کافیصلہ کرلیا ہے تواس بارے میں ہمیں اب تک کسی قسم کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ہم اپنے طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی رہائش اورقیام کے سلسلے میں صلاح مشورے کررہے ہیں۔ ایم کیوایم کی رہنماثمن جعفری نے کہا کہ کراچی میں طالبان کے ساتھ آخری معرکہ ہوگا۔ یہ ایک تاثرہے جواس لیے بن رہاہے کہ ایم کیوایم واحد جماعت ہے جس نے طالبان کے خلاف آوازبلند کی۔ ایم کیوایم فوج کے حق میں مارچ کررہی ہے جس میں سب کوآنے کی دعوت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔